|

وقتِ اشاعت :   June 1 – 2021

کراچی :وفاقی وزارت اطلاعات و نشریات نے کراچی پریس کلب کے لیے 20لاکھ روپے کی گرانٹ کا اجرا کردیا ہے۔ڈائریکٹر جنرل پاکستان انفارمیشن ڈپارٹمنٹ(پی آئی ڈی)کراچی ارم تنویر نے منگل کو کراچی پریس کلب کا دورہ کیااوروفاقی وزارت اطلاعات و نشریات کی جانب سے 20لاکھ روپے کا چیک کراچی پریس کلب کے عہدیداروںکے حوالے کیا۔اس موقع پر کراچی پریس کلب کے صدر فاضل جمیلی ،سیکرٹری محمدرضوان بھٹی ،جوائنٹ سیکرٹری ثاقب صغیر ،خازن وحید راجپر،گورننگ باڈی کے ارکان عبدلواسیع قریشی اورفاروق سمیع بھی موجود تھے۔ڈی جی پی آئی ڈی نے کراچی پریس کلب کے عہدیداروں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ کراچی پریس کلب ایک تاریخی حیثیت رکھتا ہے۔ا س ادارے نے ملک میں جمہوریت کی مضبوطی کے لیے لازوال کردار ادا کیا ہے اور یہ ہردور میں مظلوموں کی سب سے توانا آواز بن کر ابھرا ہے۔انہوںنے کہا کہ وزارت اطلاعات و نشریات کی جانب سے کراچی پریس کلب کے ساتھ تعاون کا سلسلہ جاری رہے گا۔

ہم چاہتے ہیں صحافیوں کی فلاح و بہبود کے لیے ہر ممکن اقدامات کیے جائیں ۔کراچی پریس کلب کے صدر فاضل جمیلی اور سیکرٹری محمدرضوان بھٹی نے مالی اعانت کرنے پر وفاقی وزارت اطلاعات و نشریات کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ حکومت اور میڈیا ریاست کے اہم ستون ہیں۔ان دونوں کے درمیان باہمی تعاون سے ایک مثالی معاشرے کے قیام میں اہم مدد مل سکتی ہے۔انہوںنے کہا کہ کراچی پریس کلب نے ہمیشہ صحافیوں کے حقوق کی جدوجہد میں ہراول دستے کا کردار ادا کیا ہے۔کراچی پریس کلب کو پاکستان کا پہلا پریس کلب ہونے کا اعزاز بھی حاصل ہے،

یہ کلب اپنے قیام کے اول روز ہی سے جمہوری قوتوں کے ساتھ کھڑا ہے۔ ملک میں سب سے زیادہ مظاہرے اسی کلب کے سامنے ہوتے ہیں اور س کی ایک وجہ وہ عوامی اعتماد ہے کہ یہاں سے وابستہ صحافی کسی دبائو میں آئے بغیر عوامی آواز متعلقہ حلقوں تک پہنچانے کا فریضہ انجام دیتے ہیں۔ انہوںنے کہا کہ یہ ادارہ جمہوری قوتوں کے لیے ایک سائبان کی حیثیت رکھتا ہے۔کراچی پریس کلب نے نا صرف صحافیوں بلکہ زندگی کے تمام مظلوم طبقوں کے لیے آواز بلند کی ہے۔فاضل جمیلی اور محمدرضوان بھٹی نے کہا کہ حکومت کی جانب سے کراچی پریس کلب جیسے اداروں کے ساتھ تعاون سے یہ ادارے پروان چڑھیںگے۔ کراچی پریس کلب کی جمہوری روایات پورے ملک کے سیاستدانوں اور اداروں کے لئے بہترین نمونہ ہیں۔دریں اثناء ڈی جی پی آئی ڈی نے وفاقی وزارت اطلاعات ونشریات کی جانب سے کراچی پریس کلب کے بیمار صحافیوں کے علاج معالجے کے لیے بھی امدادی چیکس تقسیم کیے۔