|

وقتِ اشاعت :   March 27 – 2015

کوئٹہ: آل پاکستان آئل ٹینکر ایسو سی ایشن نے سیندک پراجیکٹ کو سپلائی روک دی۔ ایسوسی ایشن کے چیئرمین میر محمد یو سف شاہوانی اور جنرل سیکرٹری محمد شفیق کاکڑکے مطابق یہ فیصلہ مستونگ سے چار آئل ٹینکرڈرائیور وں کے اغواء اور چار دن گزرنے کے باوجود تاحال عدم بازیابی کے بعد کیا گیا۔ میر محمد یوسف شاہوانی نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ ہم تمام آئلز کمپنیز کو مطلع کرتے ہیں سیندک پروجیکٹ کیلئے تیل ترسیل عدم تحفظ کا شکاہوچکی ہے آئے دن کے واقعات جن میں جانی ومالی نقصانات اور تاحال نقصانا ت کا ازالہ نہ کرنا چار ڈرائیورز کا حالیہ اغواء ، ناقابل برداشت مسئلہ بن چکاہے لہٰذا ہماری ایگزیکٹو باڈی نے فیصلہ کیا ہے ۔ کہ جب تک ہمارے چار ڈارئیور اغواء شدہ بازیاب نہیں ہوتے ۔ جانی ومالی نقصانات سابقہ اور حالیہ کی تلافی نہیں ہوتی اور آئندہ کے لئے تسلی بخش تحفظ میسر نہیں ہوتاہم سیندک کو سپلائی بند رکھیں گے۔ اگر کوئی آل کمپنی سیڈک سپلائی کریگی تو تمام تر نقصانات کی ذمہ داری اس پر عائد ہوگی ۔ دریں اثناء ٹینکرز ایسوسی ایشن کے چیئرمین میر محمد یوسف شاہوانی نے وزیراعلیٰ کو بھی ایک خط کے ذریعے اپنے فیصلے سے آگاہ کیا ہے۔ انہوں نے وزیراعلیٰ سے مغوی ڈرائیوروں کی فوری بازیابی کیلئے اقدامات کا مطالبہ بھی کیا ہے۔ انہوں نے وزیراعلیٰ سے یہ بھی کہا ہے کہ اس سے پہلے بھی سیندک پراجیکٹ کی سپلائی گاڑیوں پر حملے ہوچکے ہیں لیکن اب تک متاثرہ گاڑیوں کے مالکان کو نقصانات کے ازالے کیلئے معاوضہ نہیں ملا ہے۔