کوئٹہ: بلوچستان ہائی کورٹ کے چیف جسٹس نور محمد مسکانزئی اور جسٹس ہاشم خان کاکڑ نے جمعرات کو اچانک سول ہسپتال کوئٹہ کا دورہ کیا اور مختلف شعبوں کا معائنہ کیا اور لوگوں کے مسائل معلوم کئے ۔چیف جسٹس ہائی کورٹ نور محمد مسکائزئی اور جسٹس ہاشم خان کاکڑ کے دورہ سول ہسپتال کے موقع پر ڈاکٹروں اور اسپتال کے عملے میں کلبلی مچھ گئی ۔غیر حاضر عملہ فوری طور پر اسپتال پہنچنا شروع ہوا۔ ہسپتال کے مختلف شعبوں کے دورے کے دوران مریضوں اور تیمارداروں نے اپنے مسائل سے چیف جسٹس کو آگاہ کیا ۔چیف جسٹس نور محمد مسکانزئی نے اسپتال میں صفائی کی صورتحال اور سیکورٹی عملے کی غفلت پر برہمی کا اظہار کیا۔ چیف جسٹس کا کہنا تھا کہ گزشتہ شب اسپتال کے اچانک دورے کے موقع پر انہوں نے اسپتال میں کوئی پولیس اہلکار ڈیوٹی پر موجود نہیں پایا۔ انہوں نے دورے کے موقع پر موجود سی سی پی او کوئٹہ عبدالرزاق چیمہ سے اسپتال پر تعینات پولیس اہلکاروں کو فوری تبدیل کرنے کی ہدایت کی۔ چیف جسٹس کے حکم پر اسپتال پر تعینات تمام چودہ پولیس اہلکاروں کا تبادلہ کردیا گیا جبکہ دو اہلکاروں سے غیر حاضری پر وضاحت بھی طلب کی گئی۔