کوئٹہ: سینٹرل جیل مچھ میں سزائے موت کے منتظر پانچ قیدیوں کی رحم کی آخری اپیل مسترد ہونے کے بعد بلیک وارنٹ جاری کردیئے گئے۔ دو بھائیوں سمیت پانچوں قیدیوں کو آئندہ ہفتے پھانسی دی جائے گی۔محکمہ داخلہ بلوچستان کے حکام کے مطابق صدر پاکستان ممنون حسین نے سنٹرل جیل مچھ میں سزائے موت کے پانچ قیدیوں علی گل ،میرو ،میر حمزہ ،زمان اور محمد اسماعیل کی رحم کی آخری اپیل مسترد کردی جس پر ان قیدیوں کے بلیک وارنٹ جاری کردئیے گئے ۔پانچوں قیدیوں کے بلیک وارنٹ سپرٹنڈنٹ سنٹرل جیل مچھ کو موصول ہوگئے جو منگل کو ان قیدیوں کی پھانسی کی حتمی تاریخ مقرر کریں گے ۔توقع ہے کہ ان قیدیوں کو آئندہ ہفتے پھانسی دے دی جائے گی۔جیل حکام کے مطابق ان قیدیوں میں میرو ولد علی بخش اور علی گل سگے بھائی ہیں جنہیں انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت سبی نے 28جنوری 2004کو سزائے موت سنائی تھی۔ دونوں بھائیوں کے خلاف لیویز تھانہ بختیار آباد میں مقدمہ نمبر8/2001زیر دفعہ 7-A ATAدرج کیا گیا تھا۔ دونوں بھائیوں کی رحم کی اپیلوں سے متعلق محکمہ داخلہ و قبائلی امور بلوچستان کی جانب سے 12ستمبر2012 کو لیٹر نمبرCIM/Judl:/30/M.P/3781صدر مملکت کو بجھوائی گئی تھی جو مسترد کردی گئی ۔ میر حمزہ ولد لال گل کو سیشن جج سبی بمقام مچھ نے 14جون 2004کوسبی میں درج قتل کے مقدمہ نمبر18/2004 میں سزائے موت سنائی گئی تھی۔ میر حمزہ کی رحم کی اپیل کیلئے محکمہ داخلہ بلوچستان نے صدر مملکت کو ایک خط بحوالہ نمبرCIM/Judl:/30/M.P/1714ارسا ل کیا تھا ۔ رحم کی یہ اپیل بھی مسترد کردی گئی تھی۔جبکہ زمان ولدجعفر کو سیشن جج جعفرآباد بمقام ڈیرہ اللہ یار نے 28مارچ 1997 کو قتل کے مقدمے میں سزائے موت سنائی ۔ زمان کے خلاف ڈیرہ اللہ یار تھانہ میں مقدمہ نمبر122/1994میں زیر دفعہ302-B PPCکے تحت مقدمہ درج کیا گیا تھا۔ ان کی رحم کی اپیل سے متعلق محکمہ داخلہ بلوچستان نے 17نومبر2008ء کو ایک خط بحوالہ نمبرCIM/Mercy/3093ایوان صدر کو ارسال کیا تھا۔ اسی طرح مجرم محمد اسماعیل ولد کمال خان کو ایڈہاک سیشن جج کوئٹہ نے 29اپریل 2002کو سزائے موت سنائی تھی۔ان کے خلاف نیو سریاب تھانہ کوئٹہ میں مقدمہ نمبر91/1995کو زیر دفعہ 302-B,394,324 PPCدرج کیا گیا تھا۔محمد اسماعیل کی رحم کی اپیل سے متعلق محکمہ داخلہ بلوچستان نے 29اپریل2008ء کو ایک خط بحوالہ نمبرCIM/Mercy P/1091 صدر مملکت کو بجھوائی گئی تھی۔ یاد رہے کہ بلوچستان کی جیلوں میں سزائے موت کے98قیدی موجود ہیں جن میں 14قیدیوں کے رحم کی اپیلیں ہائی کورٹ، سپریم کورٹ کے بعد صدر مملکت نے بھی مسترد کردی ہیں۔ 14میں سے اب تک صولت مرزا کے علاوہ پانچ قیدیوں کے بلیک وارنٹ جاری ہوئے ہیں۔