خضدار : نیشنل پارٹی کے مرکزی رہنماء سابق صوبائی وزیر سردار محمد اسلم بزنجو نے کہا ہے کہ وفاقی حکومت ہو یا کہ صوبائی حکومت تین سالوں میں عوام کو مہنگائی،اقربا پروری،امن و امان کی مخدوش صورتحال کے علاوہ کچھ نہیں دیا،بلوچستان میں بے روزگاری میں اضافہ ہوا ہے،امن و امان کی صورتحال تسلی بخش نہیں،آج بلوچستان کے عوام نیشنل پارٹی کی حکومت کو یاد کرنے لگے ہیں۔
انشاء اللہ آنے والا دور پھر نیشنل پارٹی کا ہو گا،پورے بلوچستان میں لوگ فکر بزنجو سے متفق ہو کر نیشنل پارٹی میں شمولیت اختیار کر رہے ہیں ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنی رہائش گاہ نال میں خضدار کے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا اس موقع پر نیشنل پارٹی کے مرکزی رہنماوں میر شاوس بزنجو،میر ولید بزنجو و دیگر بھی موجود تھے سابق صوبائی وزیر نے مختلف سوالات کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ فکر بزنجو ایک فلسفہ کا نام ہے جس کی بنیاد بابائے بلوچستا ن میر غوث بخش بزنجو نے رکھا فکر بزنجو میں بلو چ قوم و بلوچستان کے عوام کی حقوق کا حصول کے ساتھ ساتھ ملک میں اقوام کے درمیان سیاسی،ثقافتی،سماجی برابری کا راز پوشیدہ ہے اور ہم اسی فلسفہ کو لیکر آگے بڑھ رہے ہیں۔
اس لئے ہم چاہتے ہیں کہ پاکستان میں تمام اکائیوں کو برابری کی اہمیت دی جائے ایک سوال کے جواب میں سردار اسلم بزنجو کا کہنا تھا کہ وفاقی حکومت ہو یا کہ صوبائی حکومت دونوں حکومتوں نے عوام کو شدید مایوس کر دیا ہے آج مہنگائی اتنی بڑھ گئی ہے کہ لوگ دو وقت کی روٹی کے لئے ترس رہے ہیں جبکہ دوسری جانب بلوچستان میں امن و امان کی صورتحال بگڑتی جا رہی ہے حالانکہ نیشنل پارٹی اور اتحادی حکومت نے بلوچستان میں مثالی امن قائم کر دی تھی مہنگائی،امن و امان کی مخدوش صورتحال،ملازمتوں میں اقربا پروری اور دیکھ کر آج لوگ ایک بار پھر نیشنل پارٹی کی انصاف پسند حکومت کو یاد کرنے لگے ہیں اور لوگ بڑی تعداد میں فکر بزنجو سے متفق ہو کر نیشنل پارٹی میں شمولیت اختیار کر رہے ہیں بلوچستان بھر خصوصاً جھالاوان میں نیشنل پارٹی مزید وسعیت اختیار کر رہی ہے۔
گزشتہ روز فیروزآباد سے سینکڑوں لوگوں نے نیشنل پارٹی میں شمولیت اختیار کی اور ایک دو روز میں خضدار شہر سے بڑے لوگ نیشنل پارٹی میں شمولیت اختیار کرنے جا رہے ہیں انشاء اللہ آنے والا دور نیشنل پارٹی کا دور ہو گا دوبارہ عوام کی تعاون سے نیشنل پارٹی کی انصاف پسند حکومت قائم ہو گی بے روزگاروں کو میرٹ پر روزگار ملے گا،بلوچستان میں امن کو دوبارہ مستحکم کیا جائے گا۔