|

وقتِ اشاعت :   April 5 – 2015

کوئٹہ : میں چوری و ڈکیتی کی وارداتوں کے دوران مزاحمت پر ملزمان نے فائرنگ اور خنجر کے وار کرکے پانچ افراد کو زخمی کردیا۔ پولیس کے مطابق گزشتہ روز کچلاک سے تین افراد ٹوڈی گاڑی میں کچلاک سے کوئٹہ آرہے تھے کہ تھانہ ایئر پورٹ کی حدود میں بلیلی باچا آغا کے قریب چھ مسلح موٹر سائیکل سواروں نے اسلحہ کے زور پر گاڑی روکی اور اس میں سورا افراد سے پانچ لاکھ روپے نقدی چھین لی۔ مزاحمت پر ملزمان نے کلاشنکوف سے بٹ مار کر تین افراد کو زخمی کردیا اور فرار ہوگئے۔ زخمیوں میں محمد اسلم ولد سردار محمد اچکزئی سکنہ گلستان ،خان گل ولد گل جان نورزئی سکنہ بوستان اور یار محمد ولد گل محمد کاکڑ سکنہ کچلاک شامل ہیں جنہیں سر، چہرے اور جسم کے مختلف حصوں پر زخم آئے ہیں۔ ایک اور واقعہ سملی ریلوے پھاٹک کے قریب پیش آیا جہاں عبدالحمید ولد خیرو ازبک سکنہ سملی کچلاک کو گھر سے ذاتی موٹر سائیکل نمبر MC1875پر بازار کی طرف جاتے ہوئے تین نامعلوم ملزمان نے اسلحہ کے زور پر روکا اور اس سے موٹر سائیکل دس ہزار روپے نقدی اور نوکیا موبائل چھین لیا اور فرار ہوگئے۔ مزاحمت پر ملزمان نے بائیں ٹانگ میں گولی مار کر زخمی کردیا۔ دریں اثناء رہزنی کی ایک واردات تھانہ کیچی بیگ میں کلی باران شہی میں پیش آیا جہاں دو نامعلوم ملزمان نے محمد اعظم ولد محمد حسین شاہوانی سکنہ کلی شادیزئی سریاب روڈکو اس وقت اسلحہ کے زور پر روکا جب وہ اپنے ذاتی ٹوڈی گاڑی میں گھر سے بازار کی طرف جارہا تھا۔ ملزمان نے محمد اعظم نقدی چھینی اور گاڑی بھی چھیننا چاہ رہے تھے تاہم مزاحمت پر ملزمان محمد اعظم کو خنجر سے زخمی کرکے گاڑی چھوڑ کر فرار ہوگئے۔ محمد اعظم کو سول اسپتال پہنچایا گیا ڈاکٹر کے مطابق زخمی کو دائیں ران میں خنجر مارے گئے ہیں۔ زخمی نے دو ملزمان عبدالستار اور عبدالجبار کو مقدمے میں نامزد کیا ہے ۔