|

وقتِ اشاعت :   April 8 – 2015

کوئٹہ :  سابق صدر جنرل ریٹائرڈ پرویز مشرف کی میڈیکل رپورٹ محکمہ صحت بلوچستان کوموصول ہوگئی جو آج نواب اکبر بگٹی قتل کیس کی سماعت کے موقع پر عدالت میں پیش کی جائے گی۔محکمہ صحت بلوچستان کے حکام نے تصدیق کی ہے کہ پرویز مشرف کی طبی معائنے کیلئے بلوچستان حکومت کی درخواست پر سندھ حکومت کی جانب سے تشکیل دیئے گئے میڈیکل بورڈ کی رپورٹ ڈائریکٹر جنرل ہیلتھ سروسز بلوچستان کو موصول ہوگئی ہے۔حکومت سندھ نے سابق صدر کے طبی معائنہ کیلئے سروسز ہسپتال کراچی کے میڈیکل سپرٹنڈنٹ اور سول سرجن داکٹر امتیاز ہاشمی کی سربراہی میں قائم کئے میدیکل بورڈ تشکیل دیا تھا جس نے سابق صدر کا کراچی میں ان کے رہائش گاہ پر طبی معائنہ کیا تھااور رپورٹ محکمہ صحت سندھ کو ارسال کردی تھی ۔ محکمہ صحت سندھ کی جانب سے محکمہ صحت بلوچستان کو بجھوائی گئی میڈیکل رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ پرویز مشرف کی ریڑھ کی ہڈی کے مہروں میں خلا ہے جبکہ دل کی شریان بھی متاثر ہے۔ رپورٹ کے مطابق سابق صدر طبی وجوہات اورپیچیدگیوں کی بنا ء پر سفر نہیں کر سکتے۔انسداد دہشتگردی کی خصوصی عدالت کوئٹہ نے سابق صدر پرویز مشرف کو آج بدھ کو عدالت میں پیش ہونے کا حکم دیا تھا ۔ گزشتہ سماعت پر سابق صدر کے وکیل نے مؤقف اختیار کیا تھا کہ ان کے مؤکل بیمار ہیں جس کے باعث وہ عدالت میں پیش نہیں ہوسکتے۔ عدالت نے سابق صدر کے طبی معائنے کیلئے سندھ اور بلوچستان کی حکومت کو میڈیکل بورڈ تشکیل دینے کی ہدایت کی تھی۔ محکمہ صحت بلوچستان کے حکام کے مطابق میڈیکل بورڈ کی رپورٹ آج بدھ کو نواب اکبر بگٹی قتل کیس کی سماعت کے موقع پر انسداد دہشتگردی عدالت میں پیش کی جائے گی۔