|

وقتِ اشاعت :   April 8 – 2015

کوئٹہ: بلوچستان کی سینٹرل جیل مچھ میں آج صبح قتل کے مقدمے میں ایک قیدی کو تختہ دار پر لٹکایا جائے گا۔ جیل حکام کے مطابق میر حمزہ ولد لال گل کو مقدمہ نمبر18/2004سبی زیر دفعہ302میں سیشن جج سبی بمقام مچھ نے2004ء میں سزائے موت سنائی تھی۔ میر حمزہ سمیت سزائے موت کے منتظر پانچ قیدیوں کے بلیک وارنٹ تیس مارچ کو جاری کئے گئے تھے جس کے بعد پانچوں قیدیوں کو ڈیٹھ سیل منتقل کردیا گیا تھا۔ میر حمزہ کی پھانسی کی تاریخ آٹھ اپریل مقرر کی گئی اور اس سلسلے میں جیل حکام نے تمام انتظامات مکمل کرلئے۔ قیدی سے ان کے بیٹے، بھائی اور دیگر رشتہ داروں کی آخری ملاقات بھی کرادی گئی ۔ ذرائع کے مطابق مچھ جیل کے میڈیکل آفیسر ڈاکٹر سجاد حیدر نے قیدی میر حمزہ کا طبی معائنہ کیا اور انہیں نارمل قرار دیا۔جیل ذرائع کے مطابق میر حمزہ کو بدھ کی علی الصبح ساڑھے پانچ بجے پھانسی دی جائے گی۔ یاد رہے کہ پھانسی کے دو قیدیوں محمد اسماعیل اور محمد زمان کو پھانسی سے ایک روز قبل مقتولین کے ورثاء نے معاف کردیا جس کے بعد دونوں قیدیوں کی پھانسی پر عملدرآمد روک دیا گیا۔ میر حمزہ کی معافی کیلئے بھی ان کے اہلخانہ رات گئے تک کوششیں کرتے رہے۔ سابق صوبائی وزیر علی مدد جتک اور دیگر قبائلی معتبرین بھی مقتول کے ورثاء کے پاس میڑھ لے کر پہنچے۔سینٹرل جیل مچھ میں پھانسی کے منتظر دو بھائیوں علی گل اور میرو کو دہشتگردی کے مقدمے میں نو اپریل کی صبح پھانسی دی جائے گی۔ دونوں بھائیوں کو انسداد دہشتگردی عدالت سبی نے 2004ء میں پھانسی کی سزا سنائی تھی۔ واضح رہے کہ بلوچستان میں مچھ جیل میں آخری بار 27 اکتوبر 2007 کو بلوچستان کے علاقے بلیدا کے رہائشی محمد امین کو پھانسی پر لٹکایا گیا تھا۔