کوئٹہ : سینیٹ انتخابات میں پارٹی امیدوار کو ووٹ نہ دینے پر وزیراعلیٰ بلوچستان کے مشیر برائے بین الصوبائی رابطہ ، حج ، زکواۃ، اوقاف و عشر عبدالماجد ابڑو کو عہدے سے ہٹا دیا گیا۔ پارٹی رکنیت بھی معطل کردی گئی۔ جبکہ محمد خان لہڑی کو ماجد ابڑو کی جگہ وزیراعلیٰ بلوچستان کا مشیر مقرر کردیاگیا۔ مسلم لیگ ن سے تعلق رکھنے والے وزیراعلیٰ بلوچستان کے مشیر برائے بین الصوبائی رابطہ، حج ، زکواۃ، عشر اور اوقاف عبدالماجد ابڑو پر سینیٹ کے انتخابات میں پارٹی ڈسپلن کی خلاف ورزی اور پارٹی امیدوار کی بجائے آزاد امیدوار کو ووٹ دینے کا الزام تھا۔ جس پر مسلم لیگ ن کی صوبائی اور مرکزی قیادت نے ان کے خلاف کارروائی کا فیصلہ کیا۔ جمعہ کو سروسز ایڈ جنرل ایڈمنسٹریشن ڈیپارٹمنٹ بلوچستان کے کیبنٹ ڈویژن کی جانب سے عبدالماجد ابڑو کو عہدے سے ہٹانے کا نوٹیفکیشن جاری کردیا گیا۔ نوٹیفکیشن نمبر (CAB)3-27/2013/S&GAD/184-274میں کہا گیا ہے کہ بلوچستان گورنمنٹ رولز آف بزنس 2012کے رول نمبر6(2) کے تحت اختیارات کا استعمال کرتے ہوئے گورنر بلوچستان نے وزیراعلیٰ بلوچستان کی سفارش پر عبدالماجد ابڑو کو فوری طور پر عہدے سے ہٹاکر ان کی جگہ مسلم لیگ ن ہی سے تعلق رکھنے والے محمد خان لہڑی کو وزیراعلیٰ کا مشیر مقرر کردیا ہے۔ یاد رہے کہ گزشتہ ماہ ہونے والے سینیٹ انتخابات میں بلوچستان کی بارہ میں سے صرف تین نشستوں پر مسلم لیگ نواز کوکامیابی ملی تھی۔ بلوچستان میں سینیٹ کی جنرل نشست پر کامیابی کیلئے صرف نو ووٹوں کی ضرورت تھی لیکن مسلم لیگ ن بائیس ارکان رکھنے کے باوجود جنرل نشست پر صرف ایک امیدوار کو کامیاب کراسکی جبکہ مسلم لیگ ن کے مرکزی نائب صدر اور سابق وفاقی وزیر سردار یعقوب ناصر کو آزاد امیدوار سے شکست ہوئی۔ مسلم لیگ ن بلوچستان کے صدر نواب ثناء اللہ زہری کے مطابق عبدالماجد ابڑو نے پارٹی نظم و ضبط کی خلاف ورزی کی جس پر ان کی پارٹی رکنیت بھی معطل کردی گئی۔ وزیراعظم میاں نواز شریف نے بھی اس معاملے کا نوٹس لیا اور ان سے وزیراعلیٰ کے مشیر کا عہدہ واپس لینے کا حکم دیا ۔