|

وقتِ اشاعت :   August 21 – 2021

تربت: آل پارٹیز کیچ کا ایک غیر رسمی اجلاس کنوینر مشکور انور ایڈوکیٹ کی زیر صدارت منعقد ہوا جس میں سیاسی جماعتوں اور سول سوسائٹی کے نمائندوں نے شرکت کی۔ کنوینر مشکور انور ایڈوکیٹ نے دورہ گوادر کے بارے میں اجلاس کے شرکاء کو بریفنگ دی۔ انہوں نے آل پارٹیز کیچ کے دورہ گوادر کو کامیاب کہتے ہوئے بتایا۔

کہ مکران کے مشترکہ اہم قومی ایشوز پر آل پارٹیز گوادر کے ساتھ مشترکہ جدوجہد اور الائنس بنانے پر بات ہوئی اور اس بات پر اتفاق کیا گیا کہ آل پارٹیز کیچ پنجگور کی سیاسی قیادت سے رابطہ کرکے ڈویڑنل سطح پر اجلاس بلائے جہاں پہ مشترکہ جدوجہد کے لیے لائحہ عمل طے کیا جائے گا، کنوینر مشکور انور نے آل پارٹیز کیچ میں طلبہ تنظیموں کو اعزازی ممبر شپ دینے کی تجویز دیتے ہوئے نکتہ اٹھایا۔

کہ تعلیمی اداروں بالخصوص تربت یونیورسٹی اور کالجز میں طلبہ سیاسی سرگرمیوں پر پابندی لگائی گئی ہے، تعلیمی اداروں کا یہ عمل سیاسی ماحول کو بانجھ بنانے کے ساتھ خود تعلیمی اداروں کے لیے بھی نقصان کا باعث ہے اس لیے اس معاملے پر متعلقہ تعلیمی اداروں کے سربراہان سے ملاقات کرکے ان کو قائل کرنے کی کوشش کی جائے، اجلاس کے شرکاء نے ان دونوں تجاویز پر اتفاق کرتے ہوئے کنوینر کو طلبہ تنظیموں کے نمائندوں سے رابطہ کرکے ایک اجلاس بلانے کا اختیار دیا۔

اجلاس میں بہت جلد پنجگور کا دورہ کرکے وہاں کی سیاسی قیادت سے ملاقات اور ڈویڑنل الائنس کے بارے میں ان سے مشاورت پر اتفاق کیا گیا۔ دریں اثناء کنوینر آل پارٹیز کیچ مشکور انور ایڈوکیٹ نے اپنے صوابدیدی اختیارات کا استعمال کرتے ہوئے فضل کریم بلوچ کو آل پارٹیز کیچ کے ڈپٹی کنوینر اور حفیظ علی بخش کو پریس سیکرٹری نامزد کردیا۔