|

وقتِ اشاعت :   August 23 – 2021

اوتھل: لسبیلہ میں سٹلمنٹ عملے کی ملی بھگت سے ہزاروں ایکڑ اراضی بااثر غیر مقامیوں کے نام الاٹ کرنے کا انکشاف ہوا ہے،حکومت بلوچستان کی جانب سے مقامی افراد کو سٹلمنٹ کے ذریعے مالکانہ حقوق دینے کے اعلان پر ہنوز عملدرآمد نہ ہوسکا،اس حوالے سے ذرائع نے انکشاف کرتے ہوئے بتایا ہے کہ ضلع لسبیلہ میں ان دنوں ہزاروں ایکڑسرکاری اراضی بااثرغیرمقامیوں کو الاٹ کرکے لسبیلہ کے مقامی افراد کے حقوق پر ڈاکہ ڈالا جارہاہے۔

کچھ عرصہ قبل حکومت بلوچستان نے مقامی اور جدی پشتی رہائش پذیر افراد کو سٹلمنٹ کے ذریعے مالکانہ حقوق اور درستی کھاتہ کرکے دینے کا اعلان کیا تھا لیکن تاحال اس پر عملدرآمد نہ ہوسکا اور سٹلمنٹ کا عملہ اس سے فائدہ اٹھاکرغیرمقامی افراد کی ملی بھگت سے اندرون خانہ ہزاروں ایکڑزمین غیر مقامیوں کو الاٹ کی جارہی ہے ذرائع نے مزیدبتایا ہے کہ لسبیلہ کی تحصیل حب کے موضع پیرکس میں اسلام آباد کے ایک بااثرشخص کو 2ہزارایکڑ زمین الاٹ کی گئی ہے۔

جس سے مقامی لوگوں میں تشویش کی لہردوڑ گئی ہے عوامی حلقوں نے وزیر اعلیٰ بلوچستان جام کمال خان سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ اپنے آبائی علاقے میں غیرمقامی افراد کو سرکاری زمین الاٹ کرنے کا فوری نوٹس لیکرسٹلمنٹ عملے کے خلاف کاروائی کریں اور تحصیل حب کے موضع پیرکس میں 2ہزارایکڑ اراضی اسلام آباد کے غیر مقامی شخص کو غیرقانونی الاٹمنٹ کو فوری منسوخ کراکے مقامی افراد کے حقوق کے تحفظ کو یقینی بنائیں ۔