ڈیرہ اللہ یار: بلوچستا ن نیشنل پارٹی کے مرکزی رہنماء سابق ایم این اے میر عبد الرؤف جان مینگل نے کہا ہے جعفرآباد میں نہری اور پینے کے پانی کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے محکمہ ایری گیشن بلوچستان اور محکمہ پی ایچ ای جعفرآباد کی مجرمانہ لا پرواہی سے علاقہ بنجر اور لوگ پینے کے پانی کو ترس گئے ہیں۔
عوام پانی کے حصول کیلئے سراپا احتجاج ہیں لیکن صوبائی حکومت کی مجرمانہ خاموشی سمجھ سے بالاتر ہے بی این پی گرین بیلٹ جعفرآباد کو بنجر نہیں ہونے دے گی ان خیالات کا اظہار انہوں نے پارٹی کے ضلعی صدر احسان کھوسہ سے بات چیت کرتے ہوئے کیا انکا کہنا تھا کہ بلوچستان حکومت اور محکمہ ایری گیشن کی لاپرواہی کے باعث جعفرآباد ضلع میں پانی کا بحران شدت اختیار کرگیا ہے۔
نہری پانی نہ ہونے سے علاقے میں خشک سالی کا سماں ہے ذراعت نہ ہونے سے لوگ نقل مکانی پر مجبور ہیں ڈیرہ اللہ یار سے لیکر تحصیل گنداخہ تک کی لاکھوں ایکڑ اراضی بنجر پڑی ہیں لاکھوں ایکڑ بنجر پڑی زمین صوبائی حکومت کے منہ پر تمانچا ہیں جبکہ ضلعی ہیڈ کوارٹر ڈیرہ اللہ یار میں ڈیڑھ لاکھ سے زائد آبادی پینے کے پانی سے بھی محروم ہیں لوگ پانی کے حصول کیلئے سرگرداں ہیں صبح ہوتے ہی بچے اور خواتین پانی لینے دوردراز علاقوں کا سفر کرتے ہیں انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ لوگوں کو معاشی تباہی سے بچا نے کیلئے جعفرآباد کی زمینوں تک نہری پانی کی فراہمی کو یقینی بنائے اور ڈیرہ اللہ یار کے شہریوں کو پینے کا صاف پانی مہیا کیا جائے بصورت بلوچستان نیشنل پارٹی صوبائی اور قومی اسمبلی میں بھرپور آواز بلند کرے گی۔