کوئٹہ اور پشین میں ٹریفک حادثات میں دو افراد جاں بحق اور موٹر وے پولیس کے دو اہلکاروں سمیت گیارہ افراد زخمی ہوگئے۔ پولیس کے مطابق کوئٹہ کے پولیس تھانہ کیچی بیگ کی حدود میں سریاب روڈ پر ویلج ایڈ (ولی جیٹ )کے مقام پر عبدالقیوم ولد محمد شریف محمد حسنی سکنہ بروری روڈ اپنی موٹر سائیکل رجسٹریشن نمبر این ای 6600 بازار کی طرف آرہا تھا کہ تیز رفتار ٹرک نے ٹکر ماردی جس کے نتیجے میں عبدالقیوم موقع پر ہی جاں بحق ہوگیا۔ ایدھی رضا کاروں نے لاش سول اسپتال پہنچائی۔ پولیس نے لاش ضروری کارروائی کے بعد ورثاء کے حوالے کرکے مزید کارروائی شروع کردی۔ دریں اثناء کچلاک بازار میں موٹر سائیکل کی ٹکر سے سڑک کنارے کھڑے دو بہن بھائی نجیبہ دختر عبدالرشیداورعبدالبصیر نورزئی سکنہ کلی لنڈی کچلاک زخمی ہوگئے ۔ پولیس نے موٹر سائیکل سوار رفیع اللہ ولد محمد اسحاق کاکڑ کو گرفتا رکرلیا۔علاوہ ازین کچلاک سے کوئٹہ آنے والی گاڑی کچلاک بائی پاس پر ٹائر برسٹ ہونے کے باعث گاڑی الٹ گئی۔ حادثے میں کار میں سوار پانچ افراد حضرت علی ولد رحیم گل ، شمس اللہ ، عبدالعزیز، عبدالحکیم ولد عبدالرحیم ، عبدالباری زخمی ہوگئے۔ جنہیں طبی امدا دکیلئے بولان میڈیکل اسپتا ل پہنچایا گیا۔ زخمی شمس اللہ ولد عبدالحق سکنہ سمنگلی روڈ کو مزید علاج کیلئے سی ایم ایچ منتقل کیا گیا جہاں وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گیا۔ جبکہ پشین کے علاقے سرانان میں موٹر وے پولیس گاڑی تیز رفتاری کی وجہ سے الٹ گئی حادثے میں گاڑی میں سوار ایس آئی محمد صابر ، ایس آئی صفدر حسین زخمی ہوگئے۔ پشین ہی کے قریب گلستان کراس پر تیز رفتاری کی وجہ سے گاڑی الٹ گئی۔ جس کے نتیجے میں گاڑی میں سوارمحمد ابراہیم ولد غلام محمد اچکزئی سکنہ خروٹ آباد پشتون باغ اورعبدالستار ولد زرغون اچکزئی سکنہ بند مٹھا چوک پشتون آباد زخمی ہوگئے جنہیں کوئٹہ کے بولان میڈیکل اسپتال پہنچادیا گیا۔