|

وقتِ اشاعت :   September 19 – 2021

میامی: گزشتہ روز امریکی شہر میامی میں ایک تعزیتی اجلاس میں بلوچ سیاستدان اور بلوچستان کے سابق وزیراعلیٰ سردار عطا اللہ مینگل کو بھرپور خراج تحسین پیش کیا گیا۔ تعزیتی اجلاس میں بلوچ اور امریکی شہری شریک تھے ، بلوچ امریکن کانگریس (بی اے سی) کے صدر ڈاکٹر تارا چند کے گھر پر منعقد ہوا۔

مقررین نے تعزیتی ریفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سردارعطاء اللہ مینگل نے پاکستان کی پے درپے حکومتوں کی آمرانہ پالیسیوں کے خلاف احتجاج میں 11 سال سلاخوں کے پیچھے گزارے اور ایک دہائی سے زیادہ جلاوطنی میں بھی گزارے لیکن آخر تک اپنی اصولی سیاست کے لیے پرعزم رہے۔

مقررین نے کہا کہ1972 سے 1973 میں وزیراعلیٰ بلوچستان کی حیثیت سے نو ماہ کے اپنے مختصر دور کے دوران ، سردار مینگل نے بلوچستان یونیورسٹی ، بولان میڈیکل کالج اور بلوچستان میں تعلیمی بورڈ قائم کیا۔ مرحوم رہنما پہلے بلوچ سردار بھی تھے جنہوں نے اپنی زمین کا آدھا حصہ اپنے لوگوں کو دے دیا۔مقررین نے کہاکہ سردار مینگل کا بڑا بیٹا اسد اللہ مینگل پاکستان میں جبری گمشدگی کا پہلا شکار تھا ، جس کی لاش کبھی نہیں ملی۔

بیٹے کو اس کے دوست احمد شاہ کرد کے ہمراہ 6 فروری 1976 کو کراچی میں غائب کر دیا تھا ، جبکہ سردارعطاء اللہ مینگل زیر حراست تھے۔ان کا کہنا تھا کہ سردار مینگل نے نہ صرف بلوچ عوام کے لیے انصاف اور آزادی کے لیے جدوجہد کی بلکہ پاکستان میں دیگر مظلوم قومیتوں سندھیوں ، سرائیکیوں اور پشتونوں کے حقوق کے لیے بھی جدوجہد کی۔