کراچی: چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی،گورنر سندھ عمران اسماعیل ،وفاقی وزیر اسد عمر سمیت سینیٹر احمد خان،رکن قومی اسمبلی خالد حسین مگسی نے اتوارکو بلوچستان نیشنل پارٹی کے سربراہ سردار اختر مینگل سے ان کی رہائش گاہ پر الگ الگ ملاقاتیں کیں۔ان رہنمائوں نے سردار اختر مینگل سے ان کے والد سردار عطا اللہ مینگل کے انتقال پر تعزیت کی۔انہوں نے مرحوم کے ایصال ثواب کے لیے فاتحہ خوانی کی۔چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی نے سردار عطا اللہ مینگل کی سیاسی خدمات کو سراہا۔وفاقی وزیر اسد عمر نے کہا کہ سردار عطا اللہ مینگل پاکستان کی سیاست کا بہت بڑا نام تھے ۔بلوچستان کے ایسے لیڈرز جو پاکستان کی سیاست کا حصہ ہیں ہم ان عزت کرتے ہیں۔
انہوں نے عطا اللہ مینگل کی سیاسی و جمہوری خدمات کو سراہا،علاوہ ازیں بلوچستان نیشنل پارٹی کے سربراہ سر دار اختر جان مینگل کی رکن قومی اسمبلی محمد اسلم بھوتانی، رکن صوبائی اسمبلی سردار محمد صالح بھوتانی، ذوالفقار بھوتانی کی والدہ کے انتقال پر تعزیت، اتوار کو کراچی میں بلوچستان نیشنل پارٹی کے سربراہ و رکن قومی اسمبلی سر دار اختر جان مینگل بلوچستان عوامی پارٹی کے رہنماء رکن صوبائی اسمبلی سردار محمد صالح بھوتانی کی رہا ئشگاہ پر گئے۔
جہاں انہوں نے سردار محمد صالح بھوتانی سے انکی والدہ کی وفات پر تعزیت کی اور مرحومہ کی روح کے ایصال ثواب کے لئے فاتحہ خوانی، اس موقع پر رکن قومی اسمبلی جام کریم ،ارکان سندھ اسمبلی ملک اسد سکندر، جام گہرام ، ذوالفقار بھوتانی، عرفان بھوتانی، فرحان بھوتانی، جام کامران ،گورگین مینگل سمیت دیگر بھی موجود تھے ،دریں اثناء بلوچستان نیشنل پارٹی کے قائد سردار اختر جان مینگل آج 20ستمبر یعنی مزید ایک دن کراچی جبکہ 21 اور 22ستمبر کو کوئٹہ میں عظیم بلوچ رہبر بزرگ سیاستدان سردار عطاء اللہ خان مینگل کے ایصال ثواب کیلئے فاتحہ لیں گے جبکہ پارٹی کے مرکزی کمیٹی کا اجلاس 23اور 24 ستمبر کو کوئٹہ میں ہوگا۔