کوئٹہ: طلباء رہنماؤں نے کہا ہے کہ منظم سازش کے تحت بلوچستان کے تعلیمی اداروں کو نشانہ بنایا جارہا ہے ،آن لائن میڈیکل انٹری ٹیسٹ میں بے ضابطگیوں کی تحقیقات ، پاکستان میڈیکل کمیشن کے زیرانتظام آن لائن امتحانات فوراً منسوخ اور فیزیکل ٹیسٹ لیایہ بات طلباء رہنماؤں نے عبدالستار ایدھی چوک پر طلباء کے احتجاجی دھرنے سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔
دھرنے کے شرکاء سے طلباء رہنماؤں سمیت مختلف مکتبہ فکر سے تعلق رکھنے والے افراد نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ منظم سازش کے تحت بلوچستان کے تعلیمی اداروں کو نشانہ بنایا جارہا ہے ، طلباء اور تعلیم دشمن کسی دستور کو نہیں مانتے حکومت وقت کو سمجھ آنی چائیے کہ تعلیم حاصل کرنا طلباء کا آئینی حق ہے کوئی خیرات نہیں انہیں ان کا حق دیا جائے۔ رہنماؤں نے کہا کہ میڈیکل انٹری ٹیسٹ میں میرٹ کو پامال کرنے کیلئے پاکستان میڈیکل کمیشن کے ذریعے آن لائن ٹیسٹ منعقدکرائے گئے میڈیکل انٹری ٹیسٹ پاکستان میڈیکل کمیشن کے تحت کرانے پر پہلے دن ہی طلباء نے اعتراضات اٹھاتے ہوئے اپنے تحفظات کا اظہار کیا تھا۔
جو درست ثابت ہوئے انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں اعلیٰ تعلیم کے مواقع محدود ہونے سے طلباء کوبیک وقت پنجاب ، سندھ اور وفاقی بورڈز کے امتحانات کی تیاری کرنا پڑتی ہے ساتھ ہی طلباء اپنے بنیادی حقوق اور مسائل کے حل کیلئے پورا سال سڑکوں پر احتجاج میںگزاردیتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اپنے آئینی حقوق کیلئے احتجاج کرنے والے طالبعلموں پر پولیس کی جانب سے لاٹھی چارج اور بدترین تشدد کیا گیا اور احتجاج میں شامل طلبا رہنماوں کو گرفتار کرکے تھانہ منتقل کردیا گیا حکومت اس معاملے کو سنجیدگی سے حل کرنے کے بجائے طاقت کا استعمال کرکے طلبا کی آواز کو دبانے کی کوشش کررہی ہے جو انتہائی ناروا اور قابل مذمت اقدام ہے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ پاکستان میڈیکل کمیشن کے زیرانتظام آن لائن امتحانات فوراً منسوخ اور فیزیکل ٹیسٹ لیا،انٹری ٹیسٹ میں پاسنگ مارکس پچاس فیصد،ٹھارویں ترمیم کے بعد بلوچستان کے میڈکل کالجز اپنے داخلہ ٹیسٹ خود منعقد کرائیں جائیں۔
حالیہ ٹیسٹ میں متعلقہ ادارے کی جانب سے کی گئی غفلت کا نوٹس لیکر اس کے خلاف کاروائی عمل میں لائی جائے۔بصورت دیگر پاکستان میڈیکل کمیشن کی بے ضابطگیوں کے خلاف پرامن احتجاج کے سلسلے کو مزید وسیع کیا جائیگا۔ قبل ازیںبلوچ اسٹوڈنٹس ایکشن کمیٹی ،بلوچ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن کے زیر اہتمام بلوچستان یونیورسٹی سے عبدالستار ایدھی چوک تک احتجاجی ریلی نکالی گئی ریلی میں شریک طلباء وطالبات سریاب روڈ ، زرغون روڈ سے ہوتے ہوئے عبدالستار ایدھی چوک پہنچے جہاں دھرنا دیا گیا۔دھرنے میں مختلف سیاسی جماعتوں، طلباء تنظیموں، سول سوسائٹی کے نمائندوں نے شریک ہوکر متاثرہ طلباء وطالبات سے یکجہتی کا اظہار کیا۔