|

وقتِ اشاعت :   September 23 – 2021

پسنی: تیل کے کاروبار سے منسلک کلانچ کے وفد کا یونین کونسل کلانچ کے سابق چیرمین اور معروف شخصیت سیٹھ امان جمعہ کی سربراہی میں تربت میں منعقدہ کمشنر مکران کی کھلی کچہر ی میں شرکت، بارڈر یونین کے صدر سے ملاقات کی اور مسائل سے آگاہ کیا، کلانچ کے وفد نے سیٹھ امان جمعہ کی سربراہی میں کھلی کچھری میں کمشنر مکران ڈویڑن کو مسائل پر مشتمل سپاسنامہ پیش کرنے کے علاوہ بتایا کہ تربت جو مکران ڈویڑن کا ہیڈ کوارٹر ہونے کے ساتھ مکران کا تجارتی مرکز ہے جہاں نہ صرف مکران بھر بلکہ کولواہ آواران ضلع کے ہزاروں افراد کا روزگار یہاں منسلک ہے۔

انہوں نے بتایا کہ چونکہ مکران میں کاروبار کے ذرائع محدود ہونے کی وجہ سے علاقے کے لاکھوں افراد کا گزر بسر بارڈر اور تیل کے کاروبار سے منسلک ہے جو چھوٹے پیمانے پر کاروبار کرکے اپنے خاندان کی پرورش کرتے چلے آرہے ہیں انہوں نے بتایا کہ کلانچ جو کیچ ، گوادر کے بارڈر ایریا میں واقع ہے یہ ایک ہسماندہ علاقہ ہے اور یہاں کے بیشتر رہائشی عرصہ دراز سے چھوٹی پک اپ اور زمیاد گاڑیوں کے ذریعے صدیوں سے تیل کا کاروبار کرتے چلے آرہے ہیں لیکن جب سے تربت سمیت کیچ کے دوسرے علاقوں میں تیل کے کاروبار کرنے والے گاڑیوں کے رجسٹریشن کا عمل شروع کیا گیا ہے۔

رجسٹریشن کے اس عمل میں کلانچ کے لوگوں کو باہر رکھ کر شامل نہیں کیا جارہا جس سے ہزاروں افراد کا روزگار متاثر اور وہ نان شبینہ کا محتاج ہوگئے ہیں اور انکے روزگار کا واحد ذریعہ بند ہوگیا ہے۔انہوں نے بتایا کہ کلانچ کے لوگوں کا کاروبار اور رشتہ داریاں کیچ سے منسلک ہے جو عرصہ دراز سے یہاں کاروبار کررہے ہیں ہم اہلیاں کلانچ اپیل کرتے ہیں کہ کلانچ کے کاروباری لوگوں کو رجسٹریشن میں شامل کرکے ماضی کی طرح انہیں روزگار کے مواقع فراہم کرکے ہزاروں خاندان کو فاقہ کشی سے بچایا جائے، اس موقع پر کمشنر مکران نے وفد مسائل کے حل کی یقین دہانی کی، قبل ازیں سیٹھ امان جمعہ نے بارڈر یونین کے صدر حافظ ناصرالدین ، واجہ اسلم شمبے زئی سیمت دیگر رہنماؤں کے علاوہ بی این پی،، مینگل،، کیچ کے رہنماؤں سے ملاقاتیں کیں اور انہیں بھی علاقے کے مسائل سے آگاہ کیا۔