تربت: جمعیت طلباء اسلام ضلع کیچ کے زیراہتمام تربت پریس کلب کے سامنے کوئٹہ میں طلباء کی گرفتاری اورتشدد کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کیاگیا، مظاہرہ سے جے ٹی آئی ضلع کیچ کے صدر ظہوراحمدنقشبندی نے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ پی ایم سی آن لائن ٹیسٹ کے خلاف احتجاج کی پاداش میں کوئٹہ میں طلباء کی گرفتاری اور ان پر تشدد انتہائی قابل مذمت عمل ہے، میڈیکل طلباء کے آن لائن انٹری ٹیسٹ فوری طورپر منسوخ کرکے دوبارہ تحریری ٹیسٹ لیا جائے۔
بلوچستان میں آن لائن ٹیسٹ کا انعقاد طلباء کے ساتھ زیادتی کی انتہاہے، جمعیت علماء اسلام تحصیل تربت کے امیرمولانا عبدالقدیر مینگل نے کہاکہ انتہائی افسوس کامقام ہے کہ صوبائی وزیرداخلہ کومعلوم نہیں ہے کہ طلباء کوکس نے کس کے حکم پر گرفتارکیاہے صوبائی وزیرداخلہ کو اس پرمستعفی ہونا چاہیے انہوں نے کہاکہ طلباء قوم کے مستقبل اورمعمار ہیں، ان کے ہاتھ میں قلم کے بجائے ہتھکڑی ڈال کر گرفتار کرنا صوبائی حکومت کی نااہلی وناکامی کا منہ بولتا ثبوت ہے، طلباء کو تھانہ میں جگہ نہ ہونے پر کچن میں بھی بندکردیاگیاہے۔
انہوں نے کہاکہ طلباء کی رہائی احسن اقدام ہے مگر حکومت مسلسل بلوچ طلباء کے ساتھ ناانصافیوں کی پالیسیوں پرعمل پیراہے، گرفتاری میں ملوث اہلکاروں کے خلاف کاروائی عمل میں لائی جائے،PMCآن لائن ٹیسٹ کے نام پر بلوچ طلباء کے ساتھ زیادتیوں کو سلسلہ ختم کرے، تربت یونیورسٹی کے طالب علم عبدالرؤف نے کہاکہ بلوچ طلباء کے ساتھ ناانصافیوں کی جے ٹی آئی شدید الفاظ میں مذمت کرتی ہے،بلوچستان میں تعلیمی پسماندگی کو مد نظر رکھتے ہوئے بلوچستان کے طلباء کیلئے خصوصی رعایتیں دی جائیں کیونکہ بلوچستان میں اکثرعلاقوں میں انٹرنیٹ اور نیٹ ورک ہی نہیں ہے، احتجاجی مظاہرہ کے آخرمیں جے یو آئی تحصیل تربت کے نائب امیر مولانا ثناء اللہ مری نے دعاکرائی، اسٹیج سیکرٹری کے فرائض جے ٹی آئی ضلع کیچ کے جنرل سیکرٹری جامیرمری نے سرانجام دئیے۔