|

وقتِ اشاعت :   September 30 – 2021

تربت: میونسپل کارپوریشن تربت کے فنڈز گزشتہ6ماہ سے بند، کارپوریشن مفلوج، شہری صفائی ستھرائی شدید متاثر، ذرائع کے مطابق صوبائی حکومت کی جانب سے میونسپل کارپوریشن تربت کو اپریل سے ستمبر کے 6ماہ کے دورانیہ میں صرف ایک مہینہ کے فنڈز جاری کئے گئے ہیں ۔

مسلسل5ماہ سے فنڈزکی عدم فراہمی سے میونسپل کارپوریشن تربت مفلوج ہوکر رہ گئی ہے، صحت وصفائی کے امور ٹھپ ہوکر رہ گئے ہیں، دوکانداروں نے میونسپل کارپوریشن تربت کو ادھاردینا بند کردیاہے، میونسپل کارپوریشن کے ذرائع کے مطابق تربت شہر بلوچستان کا دوسرا بڑا شہرہے جسے روزمرہ بنیادپر فنڈز کی ضرورت ہوتی ہے، شہر کی صفائی ستھرائی، سیوریج لائنوں کی تعمیر ومرمت ودیگر ضروریات کیلئے فنڈز ناگزیرہیں مگر گزشتہ6ماہ سے مسلسل میونسپل کارپوریشن تربت کوفنڈز کا اجراء روک دیاگیاہے، اپریل سے ستمبر کے دورانیہ میں صرف ماہ جون کے فنڈز جاری ہوئے ہیں۔

میونسپل کارپوریشن اپنے عملہ کے تنخواہوں کی ادائیگی کیلئے بھی پریشان ہے، شہری روزانہ ایک امید لیکر میونسپل کارپوریشن آتے ہیں مگر انہیں مایوس لوٹنا پڑتاہے، طویل دورانیہ سے فنڈزکی عدم دستیابی کے باعث شہری امور ٹھپ ہوکر رہ گئے ہیں، دوکانداروں نے بھی ادھاردینے سے اپنا ہاتھ کھینچ لیاہے، شہری حلقوں نے صوبائی حکومت کی جانب سے بلدیاتی اداروں کے فنڈزکی بندش کے معاملہ پر اپنی تشویش کااظہارکرتے ہوئے کہاکہ بلدیاتی ادارے بغیر فنڈزکے کیسے چلائے جاسکتے ہیں، ایسی بے حس حکومت کو عوام پر حکمرانی کاکوئی حق نہیں جنہیں عوامی مسائل کا کوئی احساس نہیں ہے، شہری وعوامی حلقوں نے بلدیاتی اداروں کے فنڈزکے فوری اجراء اورانہیں باقاعدہ بنانے کامطالبہ کیا ہے۔