|

وقتِ اشاعت :   May 8 – 2015

کوئٹہ: ڈیرہ بگٹی میں چیک پوسٹ پرحملہ ، خضدارمیں فائرنگ کے تبادلے کے بعد تین افراد گرفتار ، نصیرآباد اور ڈیرہ بگٹی سے تین افراد کو اغواء کرلیاگیا، تفصیلات کے مطابق خضدار میں ایف سی نے فائرنگ کے تبادلے کے بعد تین افراد کو گرفتار کرلیا۔ ایف سی ترجمان کے مطابق ایف سی نے خضدار کے نواحی علاقے میں خفیہ اطلاع ملنے پر سرچ آپریشن کیا ۔ اس دوران مسلح افرا د اور ایف سی اہلکاروں کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ بھی ہوا جس میں ایک ملزم زخمی ہوا ۔ ایف سی نے زخمی ملزم اور اس کے دو ساتھیوں کو گرفتار کرلیا،بلوچستان کے ضلع ڈیرہ بگٹی میں ایف سی کی چیک پوسٹ کے قریب بم دھماکا کیا گیا تاہم کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔ لیویز ذرائع کے مطابق ڈیرہ بگٹی سے چالیس کلو میٹر دور سنگسیلہ میں فرنٹیئر کور کی چیک پوسٹ نمبر اے فور کے قریب پانی کی ٹینکی کے ساتھ نامعلوم افراد نے دھماکا خیز مواد نصب کر رکھا تھا جس کے دھماکے سے ٹینکی کو نقصان پہنچا تاہم ایف سی اہلکار محفوظ رہے۔ واقعہ کے بعد ایف سی نے علاقے میں کارروائی کرتے ہوئے تین مشتبہ افراد کو حراست میں لے کر تفتیش کیلئے ایف سی بمبور رائفلز کے قلعہ منتقل کردیا،بلوچستان کے ضلع نصیرآباد اور ڈیرہ بگٹی سے تین افراد کو اغواء کرلیا گیا۔ پولیس کے مطابق نصیرآباد کی تحصیل چھتر کے علاقے سونواہ میں نامعلوم مسلح افراد نے کہری قبائل کے دوافضل شاہ اور بابل شاہ کو اغواء کرلیا اور نامعلوم مقام کی طرف فرار ہوگئے۔ اغواء کی وجہ بظاہر پرانی دشمنی معلوم ہوتی ہے تاہم پولیس نے مقدمہ درج کرکے تفتیش شروع کردی۔دریں اثناء ڈیرہ بگٹی کے علاقے پیرکوہ منڈو سے کالعدم تنظیم کے کارندوں نے اوجی ڈی سی ایل کے ملازم قیصر خان ولد خدا بخش بگٹی کو اغواء کرلیا اور مغوی کی رہائی کے بدلے پندرہ لاکھ روپے تاوان مانگا ہے۔