|

وقتِ اشاعت :   October 8 – 2021

کوئٹہ: بلوچستان نیشنل پارٹی کے مرکزی رہنماء نوابزادہ حاجی میر لشکری خان رئیسانی نے بلوچستان کے ضلع ہرنائی میں زلزلے سے بڑئے پیمانے پرہونے والے انسانی جانوں کے ضیاع پر گہرئے دکھ اور غم کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہمیں قدرتی آفت سے پیدا ہونے والی ناگہانی صورتحال کا یکجا ہوکر مقابلہ کرتے ہوئے متاثرہ لوگوں کو درپیش مشکلات سے باہر نکالنا ہے ۔

اپنے ایک ٹوئٹ میں نوابزادہ حاجی میر لشکری خان رئیسانی نے ہرنائی میں زلزلے سے بڑئے پیمانے پر ہونے والے انسانی جانوں کے ضائع اور لوگوں کے زخمی ہونے پر افسوس اور متاثرہ خاندانوں سے یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے دعا کی ہے کہ اللہ پاک جاں بحق ہونیوا لے افراد کو اپنے جواررحمت میں جگہ اور زخمیوں کو صحت کاملہ عطاء فرمائے ۔

نوابزادہ لشکری رئیسانی نے ہرنائی اور اس سے ملحقہ علاقوں کے مخیر حضرات ، سیاسی اور سماجی کارکنوں سے اپیل کی ہے کہ وہ آگے بڑھ کر متاثرہ لوگوں کی مدد کریں ۔انہوں نے کہاکہ حکومت زلزلے سے متاثرہ علاقوںمیں ہنگامی بنیادوں پر امدادی سرگرمیوں کا آغاز کرکے زخمی ہونے والے افراد کو مناسب علاج ومعالج کی سہولیات فراہم اورلوگوںکے مالی نقصانات کا ازالہ کرے اور جن لوگوں کے رہائشی مکانات مہندم ہوئے ہیں انہیں ازسرنو مکانات تعمیر کرکے دیئے جائیں ۔ نوابزادہ لشکری خان رئیسانی نے اپنے پیغام میں کہا ہے کہ ایسے حالات میں ہم سب کو ملکر متاثرین کے امدادی کاموں میں بڑھ چڑھ کر حصہ لینا چاہیے تاکہ متاثرین کے دکھ کو زیادہ سے زیادہ کم کیا جاسکے ۔