کوئٹہ: بلوچستان عوامی پارٹی کے ترجمان رکن صوبائی اسمبلی سردار عبدالرحمن کھیتران نے کہا ہے کہ میر عبدالقدوس بزنجو کو اگلے وزیراعلیٰ کے لئے نامزدکیا ہے وزیراعلیٰ کے انتخاب کے بعد کابینہ کی تشکیل کا عمل شروع ہوگا جس کے لئے تمام اتحادیوںکو دعوت دی جائیگی ۔
یہ بات انہوں نے پیر کو بلوچستان اسمبلی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہی، انہوں نے کہا کہ 20اکتوبر کوسابق وزیراعلیٰ جام کمال خان کے خلاف تحریک عدم اعتماد پیش کی تھی ہم 40سے زائد ساتھی تیار تھے تاہم وزیراعلیٰ نے استعفیٰ دے دیا جس کے بعد قرار داد واپس لے لی گئی انہوں نے کہا کہ آئندہ دو رو ز میں وزارت اعلیٰ کا عمل مکمل کیا جائیگا اسپیکر نے بھی استعفیٰ دے دیا ہے اسکی منظوری کے بعد جمہوری و آئینی تقاضوں کے تحت اسپیکر کا انتخاب بھی مکمل کریں گے انہوں نے کہا کہ تمام جماعتوں کے عبدالقدوس بزنجو کو اگلے وزیراعلیٰ کے لئے نامزدکیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ کے انتخاب کے بعد کابینہ کی تشکیل کا عمل شروع ہوگا جس کے لئے بی این پی(مینگل)، جمعیت علماء اسلام، بی این پی(عوامی) ، پی ٹی آئی ،اے این پی، ہزارہ ڈیموکریٹک پارٹی سے ہمارے وفود ملاقات کریں گے ہم انہیں دعوت دیں گے آئیں اور بلوچستان میں نئے طرز حکومت کی بنیاد رکھیں جن میں تمام ارکان اسمبلی کا حصہ شمار ہونگے تاکہ صوبے کی بھلائی ، عوام کی تکالیف، صحت، تعلیم سمیت دیگر سہولیات کے لئے کام کریں انہوں نے کہا کہ تین سال خواب کی صورت میں گزر گئے بنیادی چیزیں نہ بن سکیں البتہ ایئر پورٹ روڈ پر کمشنر ، ڈی سی اور وزیراعلیٰ کی تصاویر لگائی گئیں ۔