|

وقتِ اشاعت :   May 23 – 2015

کوئٹہ:  پولیس نے زیارت ریذیڈنسی کے مرکزی ملزم کو گرفتار ہے ۔ ایس ایس پی آپریشنز کوئٹہ اعتزاز احمد گورایا نے سی سی پی او کوئٹہ کے دفتر میں ایس پی سریاب ظہور آفریدی کے ہمراہ نیوز کانفرنس میں ملزم کو میڈیا کے سامنے پیش کیا۔ ایس ایس پی آپریشنز اعتزاز گورائیہ کے مطابق اشتہاری و مطلوب ملزم پکار عرف پاکو ولد روشن عرف روشو مری کو ایس پی سریاب سرکل ظہور بابر آفریدی نے دیگر پولیس نفری کے ہمراہ کوئٹہ کے علاقے ہزار گنجی میں خفیہ اطلاع پر چھاپہ مار کر گرفتار کیا ۔ ملزم ہرنائی کی تحصیل شاہرگ کے علاقے سپین تنگی کا رہائشی ہے اور زیارت ریذیڈنسی پر حملے کے بعد سے پولیس اس کی تلاش میں تھی۔ زیارت پولیس کو وہ مقدمہ نمبر 02/2013 بجرم 34،423،119،109،183 ،302ت پ 3-4-5ایکسپلوزیو ایکٹ 16-POPA,07/ATA مطلوب ہے۔ ایس ایس پی آپریشنز نے بتایا کہ ملزم نے ابتدائی تفتیش میں زیارت ریذیڈنسی پر حملے کا اعتراف کرتے ہوئے بتایا کہ اس کے ساتھ دیگر گیارہ شکار عرف لالو ،سواتی کمانڈر دوروباز محمد عرف بورو ،ہپتان ،راز محمد عرف رازو ،ماموں ،سوری ،ستار،باری استاد،روش عرف روشو ،لعل گل اوردیگر ساتھیو ں کے ہمراہ مل کر زیارت ریذیڈنسی پر حملہ کیا تھا ۔مقدمے میں ملوث دیگر 9ملزمان عبدالخالق شاہ،اسداللہ شاہ،عبدالعلی،سواتی ،دادمحمد ،شکار،بوزاخان ،محمد روشان ،ناصرخان پہلے ہی گرفتار ہوچکے ہیں جن کے چالان عدالت میں پیش کیے جاچکے ہیں ۔ ایس ایس پی آپریشنز کے مطابق ملزم کو زیارت ریذیڈنسی حملے کی تفتیش کیلئے پہلے سے تشکیل دی گئی جے آئی ٹی کے حوالے کیا جائے گا۔ یاد رہے کہ بلوچستان کے ضلع زیارت میں واقع قائداعظم ریذیڈنسی کو جون 2013میں نامعلوم افراد نے بم دھماکوں اور راکٹوں سے حملہ کرکے تباہ کردیا تھا۔