کوئٹہ: بلوچستان کے ضلع قلات میں ڈپٹی کمشنر اور ایف سی کے کمانڈنٹ کے قافلے پر حملہ کیا گیا تاہم دونوں افسران محفوظ رہے۔ ایک گھنٹے تک جاری رہنے والے فائرنگ کے تبادلے کے بعد ایک ملزم سمیت پندرہ مشتبہ افراد کو گرفتار کرلیا گیا جبکہ ملزمان کے دیگر ساتھی فرار ہوگئے۔ لیویز ذرائع کے مطابق واقعہ ہفتہ کی شام پانچ بجے کے قریب ڈپٹی کمشنر قلات صلاح الدین نورزئی اور ایف سی قلات سکاؤٹس کے کمانڈنٹ لیفٹینٹ کرنل عبدالرشید اچکزئی لیویز اور ایف سی کی نفری کے ہمراہ منگچر خالق آباد جارہے تھے جہاں مشتبہ اور جرائم پیشہ عناصر کی موجودگی کی اطلاع تھی۔ اسسٹنٹ کمشنر خالق آباد منگچر بھی ان کے ہمراہ تھے۔ قافلہ جب سربند کے مقام پر پہنچی تو نامعلوم مسلح افراد نے اچانک حملہ کردیا۔ قریبی پہاڑی اور آبادی میں چھپے ملزمان نے چھوٹے اور بڑے ہتھیاروں نے اندھا دھند فائرنگ کی۔ راکٹ کے گولے بھی داغے۔ تقریبا ایک گھنٹے سے زائد تک جاری رہنے والے فائرنگ کے تبادلے میں اسسٹنٹ کمشنر ، لیویز اور ایف سی کی گاڑیوں کو گولیوں بھی لگے تاہم کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔ ڈپٹی کمشنر، کمانڈنٹ ایف سی اور اسسٹنٹ کمشنر سمیت تمام اہلکار محفوظ رہے۔ فائرنگ کے تبادلے کے بعد ملزمان فرار ہوگئے۔ حملے کے بعد ایف سی اور لیویز نے علاقے کی ناکہ بندی کرکے ایک مبینہ ملزم کو گرفتار کرلیا جبکہ چودہ دیگر مشتبہ افراد کو بھی حراست میں لے لیا۔