کوئٹہ+ اوتھل: کوئٹہ اور لسبیلہ میں پولیس اور ایف سی نے مشترکہ کارروائیوں میں6ملزمان سمیت80سے زائد مشتبہ افراد کو حراست میں لے لیا۔ کوئٹہ میں ڈبل سواری کی خلاف ورزی پر مزید سینکڑوں موٹر سائیکلیں بند کردی گئیں۔ تفصیلات کے مطابق کوئٹہ میں ٹارگٹ کلنگ کے واقعات کے بعد پولیس اور ایف سی نے شہر کے مختلف علاقوں میں مشترکہ سرچ آپریشن کیا جس میں سینکڑوں اہلکاروں نے حصہ لیا۔ جامعہ فاروقیہ کے اطراف ، سیٹلائٹ ٹاؤن، غوث آباد اور دیگر علاقوں سے29مشتبہ افراد کو گرفتار کیا گیا جن میں ایک ملزم سے ایک کلاشنکوف برآمد کیا گیا۔ جبکہ گوالمنڈی کے مختلف علاقوں میں بھی سرچ آپریشن کیا گیا جس کے دوران40مشتبہ افراد کو پکڑا گیا۔ ایک ملزم سے ایک کلاشنکوف اور تین موٹر سائیکلیں بھی پکڑی گئیں۔ گوالمنڈی میں کارروائی کے دوران ایک اشتہاری ملزم کامران ولد محمد یوسف خلجی سکنہ اللہ ڈنہ روڈ بھی پکڑا گیا جو گولامنڈی پولیس کو اقدام قتل ، دھماکا خیز مواد ایکٹ اور دہشتگردی کے مقدمے کے دفعات کے تحت درج مقدمہ نمبر119/2013میں مطلوب تھا۔علاوہ ازیں کوئٹہ میں ٹارگٹ کلنگ کے مختلف واقعات کے بعد پولیس اور ایف سی نے شہر میں جگہ جگہ ناکے لگائے رکھے اور شہریوں کی جامہ تلاشی لیتے رہے۔ دفعہ ایک سو چوالیس کے تحت موٹر سائیکل کی ڈبل سواری کی خلاف ورزی پر مزید سینکڑوں موٹر سائیکلیں بھی پکڑی گئیں۔ دریں اثناء لسبیلہ کے علاقے جام یوسف آباد ڈنڈا بیلہ کے مقام پر فرنٹیئر کور بلوچستان آواران ملیشیا نے خفیہ اطلاع ملنے پر عبدالستار ولد علی محمد جاموٹ کے گھر پر چھاپہ مارا جس کے دوران فائرنگ کے تبادلے میں پانچ ملزمان کوگر فتار کیا گیا۔ ملزمان میں حاجی ولد ملنگی، عمران ، ہدایت اللہ، اللہ بخش اور حاجی دھنی بخش جاموٹ شامل ہیں ملزمان کے قبضے سے 14رائفلیں، نو عدد کلاشنکوف،تیس میگزین ،675گولیاں، 3عددM16رائفلز ،ایک عدد نائن ایم ایم پستول بمعہ دو میگزین اور36گولیاں ، دو عدد واکی ٹاکی سیٹ، ایک ویگو ، ایک ٹوڈی گاڑی اور ایک موٹر سائیکل بھی برآمد کی گئی۔ ملزمان کو اسلحہ سمیت تفتیش کیلئے حب منتقل کردیا گیا جبکہ گاڑیاں اور موٹر سائیکل بیلہ پولیس کے حوالے کردی گئی۔ دریں اثناء حب میں بھی پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے دو مشتبہ افراد کو حراست میں لے لیا۔