کوئٹہ: بلوچستان میں فوجی عدالت نے کام کا آغاز کردیا۔ پہلے مرحلے میں دہشتگردی کے 13کیسز کی سماعت شروع کردی گئی۔ صوبائی سیکریٹری داخلہ اکبر حسین درانی نے بتایا کہ فوجی عدالتوں کے قیام کا فیصلہ دہشتگردی کے خلاف قومی لائحہ عمل (نیشنل پلان آف ایکشن) کے تحت کیا گیا تھا۔اس سلسلے میں کوئٹہ میں ایک عدالت قائم کی گئی تھی ۔ محکمہ داخلہ بلوچستان کی جانب سے دہشتگردی کے53مقدمات فوجی عدالت میں سماعت کے لئے وفاقی وزارت داخلہ کو بجھوائے گئے ۔ وفاقی وزارت داخلہ نے چھان بین کے بعد 13کیسز کی منظوری دیدی ۔جس کے بعد کوئٹہ میں فوجی عدالت نے ان مقدمات کی سماعت شروع کردی۔ ذرائع کے مطابق وفاق کو بجھوائے گئے 53کیسز میں 21کیسز سپاہ محمد ،19 لشکر جھنگوی اور10کیسز تحریک طالبان کے ہیں۔ افغان خفیہ ادارے این ڈی ایس کیلئے کام کرنے والے تین ملزمان کے کیسز بھی فوجی عدالت کو بجھوانے کی سفارش کی گئی تھی۔