کوئٹہ: پاکستان میڈیکل کمیشن نے بلوچستان کے تین میڈیکل ادارے لورالائی، جھالاوان اور مکران میڈیکل کالج کے ہسپتالوں کی حالیہ معائنہ کے بعد کونسل نے تینوں اداروں کو پروڑنل رجسٹریشن کی منظوری دے دی۔ ہسپتالوں کی رجسٹریشن منظوری میں کمبائنڈ ملٹری ہسپتال(سی ایم ایچ) اور پاک فوج نے مثبت کردار ادا کیا۔ یہ منظوری گزشتہ روز پی ایم سی دفتر اسلام اباد میں منعقدہ اجلاس میں دے دی گئی۔
یاد رہے کہ یہ ادارے 2018 میں فعال ہوئے تھے مگر ان کی باقاعدہ رجسٹریشن میں مختلف لوازمات کی کمی کی وجہ سے تعطل کا شکار تھے مگر حالیہ حکومت بلوچستان کی خصوصی ہدایات پر میڈیکل فیکلٹی اور جدید میڈیکل آلات پر ہنگامی بنیادوں پر کام کرتے ہوئے تمام لوازمات کو پر کیا۔ جس کے بعد کمیشن کو میڈیکل کالجز کے معائنے کی دعوت دی گئی۔
ان اداروں میں 600 سے زائد طلبہ زیر تعلیم ہیں۔ حکومت بلوچستان کی طرف سے سیکریٹری نے صدر پی ایم سی کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ پی ایم سی کا یہ اقدام بلوچستان کے عوام کے لئیے بڑی خبر ہے۔ اس سے بلوچستان میں طبی شعبے میں مزید بہتری آئے گی۔ ان اداروں کی رجسٹریشن سے بلوچستان کی دور دراز علاقوں میں اعلی طبی تعلیم اور غریب عوام کو علاج معالجہ بہتر سہولت مہیا ہوگی اور اس کے علاوہ بلوچستان میں ڈاکٹروں کی کمی دور کرنے میں مدد ملے گی جبکہ آنے والے وقت طبی شعبے میں پوسٹ گریجویشن کے لئے مواقع میسر ہوسکیں گے۔ صوبائی حکومت نے پاک فوج اور پاکستان میڈیکل کمیشن کو ہسپتالوں کی رجسٹریشن منظوری پر تعاون کا شکریہ ادا کیا۔