کوئٹہ: احتساب عدالت کوئٹہ کے جج آفتاب احمد لون نے محکمہ صحت بلوچستان میں 40کروڑ روپے سے زائد کی کرپشن کیس میں سابق ڈی جی ہیلتھ بلوچستان شاکر بلوچ سابق ایم ایس بولان میڈیکل کالج ہسپتال عبدالغفار بلوچ کی ضمانت بعد از گرفتاری کی درخواست خارج کردی۔
واضح رہے اس سے قبل سپریم کورٹ آف پاکستان اور بلوچستان ہائیکورٹ نے بھی ملزمان کی درخواست کو مسترد کردیا تھا جس پر ملزمان نے ٹرائل کورٹ سے رجوع کیا جہاں احتساب عدالت کوئٹہ نے بھی درخواست خارج کرکے احکامات جاری کردیئے۔
نیب کی جانب سے پراسیکیوٹر ضمیر چھلگری نے کیس کی پیروی کی۔ نیب کی تحقیقات کے مطابق سابق ڈی جی ہیلتھ شاکر بلوچ اور سابق ایم ایس عبدالغفار اور سابق ایڈیشنل ڈائریکٹر ایم ایس ڈی ذوالفقار نے ملی بھگت سے کتے کے کاٹے کے انجیکشن کی خریداری کا ٹھیکہ خالد بھٹی نامی من پسند ٹھیکیدار کو دیا ملزمان نے اختیارات کا ناجائزاستعمال کرتے ہوئے قومی خزانے کو 40کروڑ سے زائد کا نقصان پہنچایا۔قومی احتساب بیورو بلوچستان نے ملزمان کے خلاف تحقیقات مکمل کرکے ریفرنس احتساب عدالت میں دائر کردیاگیا تھا۔ قبل ازیں محکمہ صحت میں بڑے پیمانے پر کرپشن کی تحقیقات کے دوران ملزمان کو معزز عدالت کے ذریعے جیل بھجوادیا گیاتھا جس پر ملزمان نے عدالت سے ضمانت کے لئے رجوع کیا جنھیں معزز عدالتوں کی جانب سے رد کر دیا گیا۔