|

وقتِ اشاعت :   November 26 – 2021

حب: بلوچ عوامی موومنٹ کے مرکزی آرگنائزر رئیس نواز علی برفت ایڈووکیٹ، ڈپٹی آرگنائزر اسرار حکیم زہری، کامریڈ فقیر بلوچ، کامریڈ نادر خان کھیتران، غلام جان بلوچ ایڈووکیٹ، اکرام اللہ بلوچ ایڈووکیٹ، ہیبت خان چکھڑو ڈاکٹر محمد یونس میروانی ودیگر نے اپنے مشترکہ جاری کردہ بیان میں کہا کہ ڈاکٹر کہور خان بلوچ کی ناگہانی وفات سے قوم پرستانہ سیاست میں جو خلا پیدا ہوا ہے۔

جسے فوری طور پر پُر نہیں کیا جاسکتا۔ڈاکٹر کہور خان بلوچ مرحوم ایک منجھے ہوئے سیاست دان ہونے کے ساتھ ایک عرصہ تک بلوچستان میں سول سروسز کے شعبے میں اپنی گرانقدر خدمات سرانجام دے چکے ہیں جن کو فراموش نہیں کیا جاسکتا۔ انہوں نے کہا کہ ڈاکٹر کہورخان مرحوم قوم پرست سیاست میں ایک عظیم باب تھے ۔ مرحوم ترقی پسند سیاسی ورکر کے لیے ایک استاد کی حیثیت رکھتے تھے ۔ انہوں نے کہا کہ ڈاکٹر کہور خان بلوچ مرحوم نے زمانہ طالب علمی سے اپنی قوم پرست سیاست کا آغاز کیا مرتے دم تک قوم پرستی و قوم دوستی کا ثبوت دیا۔

بلوچ عوامی موومنٹ ڈاکٹر صاحب کی گرانقدر خدمات پر ان کو خراج عقیدت پیش کرتی ہے اور ان کی بلوچ طلبہ وطالبات اور بلوچ قوم کے لیے زریں خدمات کو سراہتی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ڈاکٹر صاحب کی وفات پران کے اہلخانہ اور ان کے سیاسی ہمنوائوں کے دکھ میں برابر کے شریک ہیں۔ اور دعا گو ہے کہ اللہ پاک ڈاکٹر کہورخان بلوچ مرحوم کو اپنی خاص جواررحمت میں جگہ عطا فرمائے اور لواحقین کو صبر جمیل عطا فرمائے ۔