|

وقتِ اشاعت :   December 1 – 2021

اوتھل:  احساس نشوونما پروگرام کے زیر اہتمام صنفی تشددکے خاتمے کے حوالے سے شعور وآگاہی ریلی ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر ہسپتال اوتھل سے نکالی گئی جس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل لسبیلہ محمد الیاس بلوچ،احساس پروگرام کے ضلعی کوآرڈینٹر سمیع عطابلوچ ،میڈیکل سپرنٹنڈنٹ سول ہسپتال اوتھل ڈاکٹر عبدالرزاق لاسی سمیت سینکڑوں مرد وخواتین نے شرکت کی ریلی کے شرکاء نے ہاتھوں میں بینرز اور پلے کارڈز اٹھارکھے تھے۔

جن پر مختلف قسم کے نعرے درج تھے ریلی کے شرکاء نے مین شاہراہ کا گشت کیا اور صنفی تشددکے خاتمے کے حوالے سے نعرے بازی بھی کی بعدازاں احساس نشوونما پرواگرم لسبیلہ کے کوآدینٹر سمیع عطابلوچ نے صحافیوں کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایاکہ پاکستان میں عورتیں اور لڑکیاں خاص طورپر تشدد کی زد میں رہتی ہیں جس میں گھریلو تشدد اور دیگر بھی شامل ہے جبکہ مختلف جگہوں پر کام کرنے کے دوران بھی عورتوں اور لڑکیوں کوہراسانی سمیت مختلف طریقوں سے تشدد کانشانہ بنایا جاتاہے آج کی شعور وآگاہی ریلی کا مقصدلوگوں میں صنفی مساوات کے حوالے سے شعور اجاگر کرنا ہے تاکہ صنفی تشدد کے خاتمے میں مددمل سکے۔

انہوںنے کہاکہ احساس نشوونما پروگرام اور BISPسے مستفید ہونے والی خواتین کیلئے احساس نشوونما کے نام سے ایک نیا پروگرام شروع کیا گیا ہے جس میں صنفی تشدد کے خاتمے کے حوالے سے شعور وآگاہی واک بھی شامل ہے جبکہ دودھ پلانے والی مائیں جن کے بچے کی عمر چھ ماہ تک ہواحساس نشوونما پروگرام میں رجسٹریشن کیلئے نادرا سے جاری شناختی کارڈ،بچوں کا نادرا سے جاری کردہ ب فارم یا بچوں کے حفاظتی ٹیکوں کا کارڈ لاکر پروگرام میں رجسٹریشن کرواسکتی ہیں پروگرام میں رجسٹریشن کروانے کیلئے تحصیل ہیڈکوارٹر ہسپتال میں احساس سہولت سینٹر قائم کردیا گیاہے سمیع عطابلوچ نے مزید بتایا کہ حاملہ خواتین کو رقم کی تقسیم مختلف شرائط اور طریقہ کارکے تحت دی جاتی ہے جس میں حمل کی پہلی ،دوسری اور تیسری سہ ماہی شامل ہے قبل ازیں ریلی کے اختتام پر ریلی کے شرکاء کیلئے ریفرشمنٹ کا بھی اہتمام کیا گیا ۔