تربت: یونیورسٹی آف تربت کے پرووائس چانسلر ڈاکٹر منصور احمد نے کہا ہے کہ تربت یونیورسٹی خواتین کو زندگی کے ہر شعبے میں مساوی شرکت کے مواقع فراہم کرنے پر یقین رکھتی ہے۔ خواتین ملک اور معاشرے کی ترقی میں بہت اہم کردار ادا کر سکتی ہیں اس لیے ترقیاتی عمل میں ان کی شرکت کو یقینی بنانا ناگزیر ہے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے تربت یونیورسٹی میں محکمہ ترقی نسوان حکومت بلوچستان کے ریجنل ڈائریکٹر محترمہ شازیہ ریاض سے ملاقات کے دوران کیا۔ گزشتہ روز محکمہ ترقی نسوان حکومت بلوچستان کے ایک وفد نے ریجنل ڈائریکٹر محترمہ شازیہ ریاض کی قیادت میں یونیورسٹی آف تربت کا دورہ کیا اور تربت یونیورسٹی کے پرو وائس چانسلر ڈاکٹر منصور احمد سے ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران وومن ایکسپو 2022کے انعقاد سے متعلق مختلف امور پر تبادلہ خیال کیاگیا۔ وومن ایکسپو 2022 آئندہ سال فروری میں محکمہ ترقی نسواں حکومت بلوچستان کی جانب سے اور ضلع کیچ کی انتظامیہ کے تعاون سے تربت میں منعقد ہونے جا رہی ہے۔ ڈاکٹر منصور احمد نے تربت شہر میں پہلی بار وومن ایکسپوجیسے اہم سماجی میلے کے انعقاد کے لئے حکومت بلوچستان کی کاوشوں کو سراہا۔
یونیورسٹی آف تربت کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر جان محمد کی جانب سے ڈاکٹر منصور احمد نے ضلع کیچ میں آئندہ میگا ایونٹ کے انعقاد کے سلسلے میں محکمہ ترقی نسوان حکومت بلوچستان کے ریجنل کو بھرپور تعاون کا یقین دلایا۔ پروائس چانسلرکاکہناتھا کہ اعلیٰ تعلیم خواتین کو قوم کی تعمیرو تعمیر میں اپنا کردار ادا کرنے کے لیے بااختیار بنانے میں مدد دیتی ہے۔وفد نے یونیورسٹی آف تربت میں صنفی مساوات پرمبنی بہتر تعلیمی ماحول کو فروغ دینے پر وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر جان محمد اور ان کی ٹیم کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ یہ بات خوش آئند ہے کہ تربت یونیورسٹی میں طالبات کو زندگی کے ہر شعبے میں اپنا کردار ادا کرنے کی ترغیب دی جا تی ہے۔ محکمہ ترقی نسوان حکومت بلوچستان کے وفدنے یونیورسٹی کے مختلف تعلیمی شعبوں کا بھی دورہ کیا اور اساتذہ کرام اور طلباء وطالبات سے بات چیت کی۔