کوئٹہ:چیف آف سراوان و سابق وزیراعلیٰ بلوچستان نواب محمد اسلم خان رئیسانی نے کہا ہے کہ وفاق اور صوبے میں حکمران جماعتیں ملکی قرضوں کے عوض ریکوڈک سمیت بہت سے قومی اثاثے کوڑیوں کے بھاﺅ فروخت کرنے کے لئے کمربستہ ہیں ،
ریکوڈک سمیت قومی اثاثوں کو فروخت کرنے کیخلاف ہر سطح پر مزاحمت کریں گے۔ یہ بات ا نہوں نے گزشتہ روز سراوان ہاﺅس میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہی۔نواب محمد اسلم خان رئیسانی نے کہا کہ کچھ عرصے قبل شنید میں آیا تھا کہ ریکوڈک کو فروخت کیا جارہاہے گزشتہ روز گورنر بلوچستان نے ریکوڈک سے متعلق 27دسمبر کو صوبائی اسمبلی کا ہنگامی اجلاس طلب کیا ہے، ریکوڈک سے متعلق ہنگامہ میری سمجھ سے بالاتر ہے تاہم پاکستان تحریک انصاف اور بلوچستان عوامی پارٹی کے ہنگامہ خیز اجلاسوں سے ایسا لگتا ہے کہ حکمران جماعتیں پاکستان کے قرضوں کے عیوض ریکوڈک کوکوڑیوں کے بھاﺅفروخت کرنا چاہتی ہیں جس کی اجازت کھبی نہیں دیں گے۔انہوں نے کہاکہ ریکوڈک سمیت قومی اثاثوں کو کوڑیوں کے بھاﺅفروخت کرنے کےخلاف مزاحم ہونگے اور ہر سطح پر مزاحمت کریں گے۔