|

وقتِ اشاعت :   December 26 – 2021

تربت:  وومن ڈیولپمنٹ ڈیپارٹمنٹ بلوچستان کوئٹہ ڈویڑن کی سینٹرمنیجر روبینہ زہری اور قلات ڈویڑن کی سینٹر انچارج روبینہ شاہوانی نے کہاہے کہ فروری کے پہلے ہفتہ میں تربت میں منعقد ہونے والا خواتین ایکسپو خواتین کی ایمپاورمنٹ اورانہیں اپنے حقوق سے متعلق شعور دلانے کیلئے سنگ میل ثابت ہوگا۔

ان خیالات کااظہار انہوں نے اتوار کے روز تربت پریس کلب کے پروگرام گند ونند میں اظہارخیال کرتے ہوئے کیا اس موقع پر تربت سول سوسائٹی کے کنوینر گلزاردوست، مکران سول سوسائٹی کے کنوینر رؤف شہزادبلیدی، معروف سوشل ایکٹیوسٹ اعجاز احمد بلوچ، شان بلوچ، پی ایس ٹو ڈائریکٹر ماجد اسحاق ودیگر موجودتھے، روبینہ زہری اور روبینہ شہوانی نے کہاکہ صوبائی مشیر برائے وومن ڈیولپمنٹ محترمہ ماہ جبین شیران اور سیکرٹری وومن ڈیولپمنٹ ڈیپارٹمنٹ بلوچستان ظفربلیدی کی خصوصی ہدایت پر فروری کے دوسرے ہفتے میں تربت میں شاندار وومن ایکسپو منعقد کیا جارہاہے۔

محترمہ ماہ جبین شیران کی کاوشوں سے تربت میں وومن سینٹر اور وومن ہاسٹل زیرتعمیر ہیں، تربت میں منعقد ہونے والے وومن ایکسپو کی تیاریوں کے سلسلے میں وومن ڈیولپمنٹ کی ایک خصوصی ٹیم تربت کا دورہ کررہی ہے اس سلسلے میں ہم نے مختلف اسٹیک ہولڈرز سے ملاقاتیں کی ہیں،تمام گرلز اسکولوں کو آن بورڈ لیا جارہاہے، یونیورسٹی، سماجی تنظیموں سے بھی ملے ہیں، ہرزاویہ سے ایکسپو کی کامیابی کیلئے کوششیں جاری ہیں، جلد ٹیمیں تشکیل دی جائیں گی۔

اس سلسلے میں بھرپورپزیرائی مل رہی ہے مکران ڈویڑن بالخصوص تربت کیلئے یہ ایک انتہائی اہم ایونٹ ہے، کوئٹہ، خضدار اور حب میں وومن ایکسپو کا کامیاب انعقادکیاجاچکاہے، اس ایکسپو میں 200سے زائد اسٹالز لگائے جائیں گے، اس میں خواتین کے حقوق اور ایشوز سے متعلق سیمینار، پینٹنگز،کوئز ودیگرمقابلے بھی منعقد ہوں گے، انہوں نے بتایاکہ ضلعی انتظامیہ بالخصوص ڈپٹی کمشنر کیچ کا تعاون ہمیں حاصل ہے، انہوں نے خواتین سے اپیل کی کہ وہ آگے آئیں اور وومن ایکسپو میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں کیونکہ اس اہم اورمیگا ایونٹ کے انعقاد کاواحد مقصد خواتین کو ایمپاورکرانا ہے جب تک وہ اس میں بھرپور شریک نہیں ہوں گے تب تک یہ ایکسپو اپنے مقاصد کے حصول میں کامیاب نہیں ہوسکتا، وومن ڈیولپمنٹ کی ٹیم کل پیرکے روزگوادرروانہ ہوگی۔