|

وقتِ اشاعت :   December 27 – 2021

کوہلو :  ڈپٹی کمشنر کوہلو نے کہا کہ ضلع میں امن وامان کی بحالی اور عوام کے جان ومال کے تحفظ میں لیویز فورس کا کلیدی کردار رہا ہے اس فورس کو جدید خطوط پر استوار کرنے کے لئے موجودہ حکومت نے اقدامات اٹھائے ہیں جس سے علاقے میں درپیش سیکورٹی چینلجز سے بخوبی نمٹا جاسکے گا۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے لیویز لائن کوہلو کے دورے کے موقع پر افسران اور اہلکاروں سے گفتگو میں کہی۔ڈپٹی کمشنر نے یادگار شہداء پر حاضری دی اور شہداء کے ایصال ثواب کے لئے دعا کی اس موقع پر ان کے ہمراہ اسسٹنٹ کمشنر کیپٹن (ر) چوہدری اویس افضل اور رسالدار میجرہیڈ کوارٹر شیر محمد مری بھی ان کے ہمراہ تھے۔ ڈپٹی کمشنر نے لیویز لائن کے مختلف حصوں کا جائزہ لیا جہاں رسالدار میجر شیر محمد مری نے ڈپٹی کمشنر کو تفصیلی بریفنگ دی۔

ڈپٹی کمشنر نے جوانوں سے گفتگو میں کہنا تھا کہ فورس کی استعداد کار کو بڑھا کر جدید اور منظم فورس کی تشکیل کے لئے اقدامات اٹھائے گئے ہیں کیو آر ایف ونگ کی تشکیل سے فورس میں جدت آگئی ہے اور مختلف ونگز کا قیام عمل میں لاکر لیویز فورس کو جدید خطوط پر استوار کیا جارہا ہے،ضلع میں امن وامان کی بحالی اور دہشتگردوں کے خلاف کارروائیوں میں لیویز فورس کا کلیدی کردار رہا ہے۔

امن وامان کی بحالی میں فورس کے جوانوں کی قربانیوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ لیویز فورس کے افسران واہلکاروں نہایت بہادری اور دلیری سے دہشتگردوں کا مقابلہ کرکے جانوں کا نذرانہ پیش کیا ان کی قربانیوں کو کبھی فراموش نہیں کیا جاسکتا اس موقع پر ڈپٹی کمشنر نے یادگار شہداء پر حاضری دی اور شہداء کے ایصال ثواب کے لئے دُعا کی۔