|

وقتِ اشاعت :   January 2 – 2022

تربت: ڈپٹی کمشنر کیچ حسین جان بلوچ نے نوٹس لیتے ہوئے ضلع کیچ کے علاقے کوہک دشت میں جنگلات کی کٹائی میں ملوث متعدد افراد کو گرفتار کر لیاہے اور انکے قبضے میں مختلف سامان کو بھی ضبط کرلیا۔

انہوں نے محکمہ لیویز فورس کے اہلکاروں کو واضح احکامات جاری کرتے ہوئے کہا کہ تحصیل دشت کے دیگر علاقوں بھی میں جنگلات کی کٹائی کو فوری طور روکنے کے لیے کاروائیاں تیز کی جائیں اور ان غیر قانونی سرگرمیوں میں ملوث افراد کو گرفتار کرکے قانون کے کٹہرے میں کھڑا کردیا جائے۔

بعد ازاں ضلعی انتظامیہ کیچ کی جانب سے احکامات موصول ہونے کے بعد لیویز فورس نے کارروائی کرتے ہوئے تحصیل دشت کے مختلف علاقوں میں مزید گرفتاریاں کی ہیں اور جنگلات کی کٹائی کے لیے ان کے زیر استعمال مشینریوں کو بھی ضبط کرلیا۔

ڈپٹی کمشنر کیچ حسین جان بلوچ نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ جنگلات کا تحفظ ہمارا فرض ہے اور ہم اپنے فرائض کو نبھاکر ماحول کے تحفظ کو ہر صورت یقینی بنائیں گے۔ عوامی حلقوں کی جانب سے ضلعی انتظامیہ کے اقدامات کی تعریف کرتے ہوئے مستقبل میں بھی ٹمبر مافیا کے خلاف مزید سخت اقدامات کا مطالبہ کیا گیا ہے۔

دریں اثناءڈپٹی کمشنر کیچ حسین جان بلوچ نے جنگلی حیات کی نسل کشی کا سخت نوٹس لے کر لیویز فورس کو عاقب نامی شکاری کو گرفتار کرنے کے احکامات جاری کیے جس کے بعد لیویز فورس نے مزکورہ شکاری کو گرفتار کرلیا اور اس کی اسلحہ لائسنس کے علاوہ بطور ڈیلر ان کی دکان کا لائسنس بھی منسوخ کیا۔ عوامی حلقوں نے ڈپٹی کمشنر کیچ کے اس فوری اقدام کو سراہتے ہوئے جنگلی حیات کا تحفظ یقینی بنانے کا مطالبہ کیا ہے۔