گوادر: رکن صوبائی اسمبلی میرحمل کلمتی نے حالیہ طوفانی بارشوں سے متاثرہ علاقہ سربندن کا دورہ کیا ، میرحمل کلمتی نے سْربندن کے مختلف علاقوں میں طوفانی بارشوں سے پیدا ہونے والے نقصانات اور گھروں اور گلیوں میں جمع ہوئے پانی کو نکالنے کے کام کا بھی جائزہ لیا۔
اس موقع پر انہوں نے کہا کہ حالیہ طوفانی بارشوں کی وجہ سے پیدا ہونے والے نقصانات سے نمٹنے کے لیے ضلعی انتظامیہ اور دیگر ادارے دن رات محنت کررہے ہیں ۔سربندن سمیت دونوں آفت زدہ تحصیلوں میں پانی نکالنے،روڈوں اور گلیوں کی مرمت کے لیے کام تیزی سے جاری ہے اور طوفانی بارشوں سے ہونے والے نقصانات کا جائزہ لینے کے لیے سروے کا کام جاری ہے۔
جلد تفصیلی رپورٹ مرتب کرکے نقصانات کا ازالہ کیا جائیگا۔ اس موقع پر بلوچستان نیشنل پارٹی کے مرکزی رہنما رکن صوبائی اسمبلی ثناء بلوچ، سیاسی و سماجی شخصیت میرارشد کلمتی، اسسٹنٹ کمشنر گوادر ثوبان سلیم دشتی، نائب تحصیلدار منیر بلوچ، انور عبدالرحمان و دیگر بھی ان کے ہمراہ تھے۔