کوئٹہ: بلوچستان کے ضلع کیچ (تربت) میں بم دھماکوں اور راکٹ حملوں میں تین سیکیورٹی اہلکاروں سمیت چار افراد زخمی ہو گئے۔پولیس کے مطابق مغربی بلوچستان کے ضلع کیچ میں منگل کی صبح دو بم دھماکے ہوئے۔ پہلا بم دھماکا کیچ کے ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر تربت سے 8 کلو میڑ دور جوسک کراس کے مقام پر اس وقت ہوا جب وہاں سے عسکری تعمیراتی ادارے فرنٹیئر ورکس آرگنائزیشن کا تین گاڑیوں پر مشتمل قافلہ گزر رہا تھا۔ دھماکے میں تین سیکیورٹی اہلکار نائیک عبدالرشید، سپاہی شاہ عمران اور سپاہی عمر حیات زخمی ہو گئے جبکہ دو گاڑیوں کو بھی نقصان پہنچا۔ زخمیوں کو قریبی اسپتال منتقل کیا گیا جہاں ان کی حالت خطرے سے باہر بتائی جاتی ہے۔ پولیس کے مطابق بم پل کے قریب نصب کیا گیا تھا ۔ دوسرا بم دھماکہ تربت سے ستر کلو میٹر دور ضلع کیچ کی تحصیل تمپ کے مین بازار میں ہوا جس میں تمپ کے علاقے کلی کورجو کا رہائشی زبیر ولد غلام زخمی ہو گیا۔ دھماکے سے عمارتوں کے شیشے ٹوٹ گئے اور بجلی کی تنصیبات کو بھی نقصان پہنچا۔ لیویز کے مطابق ٹائم ڈیواس بم سڑک کے کنارے نصب کیا گیا تھا۔ دھماکوں کے بعد سکیورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے کر سرچ آپریشن کیا۔علاوہ ازیں تربت سے مشرق میں اسی کلو میٹر دور ہوشاب میں ایف سی کی چیک پوسٹ پر نامعلوم افراد نے چھوٹے ہتھیاروں سے حملہ کردیا۔ ملزمان نے جنوبی سمت سے راکٹ کا ایک گولہ بھی داغا جو چیک پوسٹ سے کچھ فاصلے پر گر کر دھماکے سے پھٹ گیا تاہم کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔ ایف سی کی جوابی فائرنگ پر ملزمان فرار ہوگئے۔