تربت:کیچ رئیل اسٹیٹ ایسوسی ایشن کی تقریب حلف برداری اتوار کی شام سرکٹ ہاؤس تربت کے ہال میں منعقدہوئی، تقریب میں صوبائی مشیرپبلک ہیلتھ انجینئرنگ لالہ رشیددشتی، سابق سینیٹر وسابق صوبائی وزیرمیر اسلم بلیدی،کیچ رئیل اسٹیٹ ایسوسی ایشن کے صدر نزیر عثمان، سپریم کونسل کے چیئرمین شے اقبال بلیدی،انجمن تاجران تربت کے صدر حاجی کریم بخش، معروف بلڈرمولانا ڈاکٹرخلیل احمدبلیدی، میر عبدالوحید آسکانی۔
حاجی امام بزنجو، دادشاہ اسلم دشتی، پاکستان رئیل اسٹیٹ فیڈریشن کے ممبر فیضان خان، جام دشتی، سیدعارف بائیان سمیت دیگر رئیل اسٹیٹ مالکان،بلڈرز نے شرکت کی، حلف برداری تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صوبائی مشیر پی ایچ ای لالہ رشیددشتی نے کہاکہ موجودہ صوبائی حکومت کاروباری لوگوں کو بہترمواقع کی فراہمی کیلئے کوشاں ہے تاکہ بلوچستان میں زیادہ سے زیادہ سرمایہ کاری آسکے، انہوں نے کہاکہ رئیل اسٹیٹ کے شعبہ سے وابستہ افرادکا ایسوسی ایشن کا قیام خوش آئندہے، ایسوسی ایشن بلڈرز کے مسائل ومشکلات کے حل کے ساتھ ساتھ غریب شہریوں کوبہتررعایتی اور سستی رہائشی اسکیموں کی طرف بھی توجہ دے اور ہاؤسنگ اسکیموں کے معیارکوبہتربنانے اور ہاؤسنگ اسکیموں کومستقبل کے تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے کیلئے بھی اقدامات اٹھائے۔
سابق سینیٹر میر اسلم بلیدی نے امید ظاہرکی کہ کیچ رئیل اسٹیٹ ایسوسی ایشن کی نئی کابینہ پراپرٹی کے کاروبارسے وابستہ افراد مسائل کے حل میں کامیاب ہوگی، انہوں نے کہاکہ دنیا میں تیل، اسلحہ ودیگر کاروبارکے ساتھ ساتھ قانونی وجائز کاموں میں رئیل اسٹیٹ کے کاروبارکو ایک منافع بخش کاروبار سمجھا جاتاہے دنیا میں کاروباری طبقہ کیلئے مراعات کااعلان کیاجاتاہے مگر پاکستان میں کاروباری طبقہ کی مشکلات میں روزافزوں اضافہ ہوتاجارہاہے۔
طرح طرح کے ٹیکسز لاگو کرکے کاروباری لوگوں کو پریشان کیاجاتاہے انہوں نے اس امر پر افسوس کااظہارکیاکہ کمرشل بنک اور مالیاتی ادارے بلوچستان کے عوام کو قرضوں کااجراء اپنی جگہ انہیں کریڈٹ کارڈ تک جاری نہیں کرتے جبکہ باقی صوبوں میں ہاؤس بلڈنگ فنانس ودیگر مدات میں لوگوں کو قرضے دئیے جاتے ہیں، کیچ رئیل اسٹیٹ ایسوسی ایشن کے صدر نزیر عثمان نے کہاکہ کیچ اپنی جغرافیہ اورمحل وقوع کی بناء پر سرمایہ کاروں کیلئے بڑی کشش رکھتی ہے، تربت انڈر ڈیولپ شہر ہے
جو ہرشعبہ میں ترقی کی راہ پرگامزن ہے، تقریب سے پاکستان رئیل اسٹیٹ فیڈریشن کے ممبر فیضان خان، انجمن تاجران تربت کے صدر حاجی کریم بخش، پیربخش بلیدی، تاج سالاری ودیگرنے بھی خطاب کیا، قبل ازیں کیچ رئیل اسٹیٹ ایسوسی ایشن کے سابق آرگنائزر پیربخش بلیدی نے نومنتخب کابینہ سے ان کے عہدوں کا حلف لیا جبکہ نومنتخب صدر نزیر عثمان نے سپریم کونسل کے عہدیداروں سے حلف لیا۔
کیچ رئیل اسٹیٹ ایسوسی ایشن کے صدر نزیر عثمان، نائب صدرشیرجان، جنرل سیکرٹری یونس جاوید، جوائنٹ سیکرٹری تاج سالاری، پریس سیکرٹری محمد ابراہیم، خازن فاروق احمد، انفارمیشن سیکرٹری بالاچ رحیم، ویلفیئر سیکرٹری یوسف جان، رابطہ سیکرٹری سیدعارف بائیان،جبکہ سپریم کونسل کے چیئرمی شے اقبال بلیدی، وائس چیئرمین جام دشتی، ممبران حفیظ احمد، مشتاق محمود، معراج دشتی، محمد اسلم، مجیب الرحمن ہیں۔