|

وقتِ اشاعت :   January 18 – 2022

تربت:  گرکانی بند بل نگور میں لالہ رشید دشتی کے فنڈ سے بند مکمل ہونے کے بعد حالیہ بارش سے علاقے میں آبنوشی اور زراعت کا اہم مسلہ حل ہوا ہے۔ان خیالات کا اظہار ایکسیئن ایری گیشن عدیل احمد نے اپنے دفتر میں میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے کیا۔

انہوں نے کہا کہ مزکورہ مقام پر جہاں بند تعمیر کیا گیا ہے یہ زمین 25 خاندانوں کی مشترکہ ملکیت تھی جنہوں نے اسے عوامی مفاد کے لیے وقف کردیا ہے، انہوں نے کہاکہ 4 کروڈ روپے کی لاگت سے بل نگور میں گرکانی بند تعمیر کیا گیا جو آٹھ ماہ قبل مکمل ہوگیا، حالیہ بارش کی وجہ سے اس میں وافر مقدار میں پانی جمع ہواہے جسے یوسی بل نگور میں آبنوشی اور زرعی مقاصد کے لیے زیر استعمال لایا جائے گا۔

انہوں نے کہاکہ سوشل میڈیا پر مزکورہ بند کے بارے میں شائع پروپیگنڈہ بد نیتی پر مبنی حقائق سے دور ہیں جبکہ اس وقت بند میں مکمل پانی جمع ہوا ہے اور اس سے پورا ایریا استفادہ حاصل کرسکے گا۔ انہوں نے کہاکہ جس مقام پر یہ بند تعمیر کیا گیا ہے اسے علاقے کے لوگوں نے عوامی مفاد کے لیے وقف کردیا ہے یہ مالی سال 2020/21 کے بجٹ میں شامل تھا جس پر گزشتہ سال کام شروع کیا گیا اور تقریبا اس کی تعمیر 8 مہینے قبل مکمل ہوئی تھی۔ انہوں نے کہا کہ اس کی تعمیر اور اس میں اسٹورشدہ پانی سے پورے ایریا کے لوگوں کو پینے اور زرعی مقاصد کے لیے فائدہ ملے گا۔