|

وقتِ اشاعت :   January 25 – 2022

تربت:  ڈپٹی کمشنرکیچ حسین جان بلوچ نے کہاہے کہ ایف سی نے بارڈر پر چلنے والی گاڑیوں کا ریکارڈ ضلعی انتظامیہ کے حوالے کردیاہے، لیویز فورس کے ذریعے بارڈر کاروبار کو ڈیل کرنے کیلئے اسٹریٹجی تیارکرلی گئی ہے، بہتر میکنزم کے تحت لوگوں کو سہولت فراہم کرنے کی کوشش کریں گے،کراسنگ پوائنٹس بڑھانے کے حوالے سے اقدامات اٹھائے جارہے ہیں، ان خیالات کااظہار انہوں نے منگل کے روز سرکٹ ہاؤس تربت میں عوامی جرگہ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

جرگہ میں کمشنر مکران ڈویڑن شبیر احمد مینگل، اے ڈی سی تابش علی، اسسٹنٹ کمشنرتربت عقیل کریم، اے سی تمپ میر صادق کبدانی، تحصیلدارتربت شیرجان دشتی، پی ڈی ایم اے کے ڈائریکٹر ملک ریحان دشتی، ای ٹی او کیچ رفیق احمد بلیدی، تحصیلدار تمپ عابد علی بلوچ، نائب تحصیلداربلیدی میرعبدالرحیم، آل پارٹیز کیچ کے کنوینر خان محمدجان، نواب شمبے زئی، حاجی قدیراحمد، میرخلیل تگرانی، کامریڈ ظریف زدگ، فضل کریم، انجمن تاجران تربت کے صدر حاجی کریم بخش، اسحاق روشن دشتی، جمال مری، لالہ حکیم دشتی، حق دو بلوچستان تحریک کے رہنمامولانانصیر احمد، غلام اعظم دشتی، محمدیعقوب جوسکی، وسیم سفر، صادق فتح، تربت سول سوسائٹی کے کنوینر گلزار دوست، جمیل عمر دشتی، معروف شخصیات معتبر حاجی برکت رند، میر عبدالوحید آسکانی، خلیل الفت، اسلم شمبے زئی، کفایت اللہ، غلام جان شمبے زئی، ندیم شمبے زئی سمیت بارڈر ٹریڈ کے کاروبارسے وابستہ افراد سینکڑوں کی تعدادمیں شریک تھے، ڈپٹی کمشنرکیچ حسین جان بلوچ نے کہاکہ بارڈر پر کاروبارکے معاملات ضلعی انتظامیہ کے حوالے کردئیے گئے ہیں، ایف سی کی جانب سے 18جنوری کو رجسٹرڈگاڑیوں کی فہرستیں ہمیں موصول ہوگئی ہیں۔

اس جرگہ کے انعقاد کا مقصد متعلقہ اسٹیک ہولڈرز آل پارٹیز، سول سوسائٹیز، انجمن تاجران، حق دو تحریک و سابق بارڈر کمیٹیوں سے تجاویز اورتعاون حاصل کرنا ہے تاکہ بارڈر کے حوالے سے لوگوں کو زیادہ سے زیادہ سہولت مہیا کی جاسکے اور سابقہ غلطیوں کا اعادہ نہ ہوسکے، اس سلسلے میں متعلقہ اسٹیک ہولڈرز اپنی تجاویز اور اپنے نمائندہ کانام ضلعی انتظامیہ کو دیں، انہوں نے کہاکہ بارڈر معاملات کوبہتر اندازمیں ڈیل کرنے اور بارڈر کراسنگ پوائنٹس بڑھانے کیلئے جلد ایرانی سرحد حکام سے ملاقاتیں کی جائیں گی اوربہترمیکنزم تیار کرنے کیلئے اقدامات اٹھائے جائیں گے، ہوم ڈیپارٹمنٹ سے ٹی او آرز موصول ہوئے ہیں، جس کے تحت کیچ سے تعلق رکھنے والی گاڑیاں ہی کیچ سے رجسٹرہوں گے، گاڑی کے ساتھ ڈرائیور کے ساتھ ایک کلینر کو جانے کی اجازت ہوگی۔

ڈرائیور اورکلینر کے کیریکٹرویری فکیشن متعلقہ لیویز اورپولیس کریں گے، عبدوئی اور وکائی بارڈر پرلیویز چیک پوسٹ کیلئے نفری، ہتھیار اور خیمہ وغیرہ تیارکرلئے گئے ہیں، 27جنوری سے گاڑیوں کی اسکروٹنی شروع کی جائے گی، اسکروٹنی کمیٹی 3دن میں تربت اسٹیڈیم میں گاڑیوں کی اسکروٹنی کرے گی تاکہ گاڑیوں کی رجسٹریشن میں جعل سازی کا تدارک ہوسکے، عوامی جرگہ سے آل پارٹیزکیچ کے کنوینر خان محمدجان، میر خلیل تگرانی، انجمن تاجران تربت کے صدر حاجی کریم بخش، حق دو تحریک کے صبغت اللہ، محمد یعقوب جوسکی، تربت سول سوسائٹی کے کنوینر گلزار دوست، مند کے معروف شخصیت حاجی محمدنور، ملاسلیم زامرانی، ظریف رند ودیگرنے اظہارخیال کرتے ہوئے تجاویز پیش کیں، جرگہ کا آغاز مولانا نصیر احمد بلوچ نے تلاوت قرآن پاک سے کیا۔