|

وقتِ اشاعت :   January 31 – 2022

نوشکی: نوشکی میں بجلی کی غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ، یوریا کھاد کی افغانستان اسمگلنگ اور نوشکی پولیس ایریا میں چوری ڈکیتی کے واقعات کے خلاف آل پارٹیز نوشکی زمیندار ایکشن کمیٹی کے زیر اہتمام امین الدین روڈ سے احتجاجی ریلی نکالی گئی جس میں زمینداروں اور آل پارٹیز کے رہنماؤں اور کارکنوں نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔

ریلی کے شرکاء نے کیسکو اور ضلعی انتظامیہ کے خلاف شدید نعرہ بازی کی ریلی میر گل خان نصیر چوک پہنچ کر احتجاجی جلسے کی شکل اختیار کر لی مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے زمیندار ایکشن کمیٹی کے صدر محمد اعظم ماندائی، جمعیت علماء اسلام ف کے جنرل سیکرٹری حاجی منظور احمد مینگل، سیاسی و سماجی رہنما میر خورشید جمالدینی، نیشنل پارٹی کے ضلعی صدر رب نواز شاہ، بی این پی کے ضلعی رہنما میر صاحب خان مینگل جماعت اسلامی کے سابق ضلعی امیر مولانا محمد قاسم مینگل.

جمعیت علماء اسلام نظریاتی کے امیر مفتی فداالرحمان ریکی، خاران کے سیاسی و قبائلی رہنما محمد اعظم ریکی، بلوچستان عوامی پارٹی کے ضلعی جنرل سیکرٹری میر عبدالرحمن لانگو، اہلسنت والجماعت کے ضلعی جنرل سیکرٹری حافظ محمد قاسم فاروقی، قبائلی رہنما سردار فاروق ماککی زمیندار ایکشن کمیٹی کے جنرل سیکرٹری حاجی شاہ زمان خان جمالدینی کامریڈ جمیل بلوچ ماسٹر رشید مینگل نے کہا کہ نوشکی سمیت بلوچستان کے عوام بنیادی حقوق سے محروم ہیں ریاست اپنی زمہ داریوں کو پوری کرنے میں ناکام ہوچکی ہیں اس جدید دور میں بھی نوشکی کے عوام بجلی پانی تعلیم و صحت کی سہولیات کے لئے سڑکوں پر نکلنے پر مجبور ہوگئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ تبدیلی سرکار نے ملک کو تباہی کے دہانے پر پہنچا دیا ہے غریب عوام کو باری ٹیکسوں اور بدترین مہنگائی کے زریعے دو وقت کی روٹی کا محتاج بنایا گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ نوشکی زرعی صارفین کو اس وقت صرف چھ گھنٹے بجلی فراہم کیجا رہی ہیں یہ چھ گھنٹے بھی بجلی کی ٹرپنگ و وولٹیج کی کمی کی نظر ہو جاتی ہیں جس سے زمینداروں کے سمر سیبل اور ٹرانسفارمر جل جاتے ہیں انہوں نے کہا کہ کیسکو چیف نے نوشکی کے زمینداروں کی بہترین ریکوری کی بنیاد پر نوشکی کے زرعی فیڈرز کو آٹھ گھنٹے بجلی کی فراہمی کا تحریری معاہدہ کیا لیکن اس کے باوجود اس پر عملدرآمد تعطل کا شکار ہے۔

انہوں نے کہا کہ نوشکی انتظامیہ کی سرپرستی میں نوشکی مین آر سی ڈی شاہراہ کے زریعے روزانہ کی بنیاد پر یوریا کھاد کی اسمگلنگ ہورہی ہیں جس سے یوریا کھاد کی قیمتوں میں سو فیصد سے زیادہ اضافہ ہو گیا ہے اور مارکیٹ میں یوریا کھاد کی قلت پیدا ہوچکی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ کی آشیر باد یوریا اسمگلروں کو حاصل ہیں جو بلاخوف دن دہاڑے قومی شاہراہوں کے زریعے یوریا کھاد بیرون ملک منتقل کررہے ہیں انہوں نے کہا کہ زمیندار ایکشن کمیٹی آل پارٹیز نوشکی کیسکو حکام نوشکی انتظامیہ کی عوام دشمن زمیندار دشمن پالیسیوں سے تنگ آچکے ہیں اور سخت احتجاجی تحریک چلانے پر مجبور ہوگئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ بجلی کی سابقہ شیڈول کی بحالی تک نوشکی کے زمیندار احتجاجا بجلی کی بل ادا نہیں کرینگے اور کل یعنی دو فروری کو نوشکی میں کیسکو حکام کے خلاف پہیہ جام ہڑتال ہوگی انہوں نے کوئٹہ تفتان شاہراہ پر چلنے والی ٹرانسپورٹ مالکان اور مسافروں سے اپیل کی کہ وہ دو فروری کو قومی شاہراہ این چالیس پر سفر سے گریز کریں اور کیسکو کے خلاف غیر معینہ مدت کیلئے روڈ بلاک کو کامیاب بنائیں۔