|

وقتِ اشاعت :   February 1 – 2022

تربت : میونسپل کارپوریشن تربت کے ملازمین کاتنخواہوں کی عدم ادائیگی کے خلاف شہید فدا چوک پر دھرنا، مین چوک آمد ورفت کیلئے بند کردیا، میونسپل کارپوریشن تربت کے ملازمین نے پیر کی صبح تنخواہوں کی عدم ادائیگی کے خلاف شہیدفدا چوک تربت پردھرنا دے کر روڈ کو چاروں اطراف سے بند کردیا،بلدیہ تربت کے ڈیلی ویجز ملازمین نے چار مہینوں سے تنخواہوں کی بندش کے خلاف تربت چوک پردھرنا دے کر احتجاج کیا۔

انہوں نے کئی گھنٹوں تک شہرکے مرکزی چوک پر دھرنا دیا اور اپنی تنخواہوں کی فوری ادائیگی کامطالبہ کیا ان کا کہناتھا کہ ہم غریب محنت کش ہیں ہمیں انتہائی قلیل تنخواہیں ملتی ہیں مگر یہ قلیل تنخواہیں بھی کئی کئی مہینے بند رہتی ہیں جس کی وجہ سے ہمارے گھروں میں فاقے ہیں مگر اس کے باوجود حکمرانوں کے دلوں میں ہمارے لئے رحم نہیں ہے انہوں نے کہاکہ ہمیں ہروقت جھوٹے وعدوں پر ٹرخایاجاتاہے ہم غریب محنت کشوں کیلئے سرکار کے پاس پیسے نہیں ہیں یا ہمیں اورہمارے بچوں کو تڑپانے سے انہیں سکون ملتا ہے۔

آخر ہمارا قصور کیاہے کہ سرکار ہم سے کام بھی لیتی ہے اورہمیں وقت پر اجرت نہیں دیتی، انہوں نے مطالبہ کیاکہ ہماری تنخواہیں فوری طورپر اداکی جائیں اورہماری اجرت میں اضافہ کیاجائے، انجمن تاجران اور عوامی حلقوں کاکہناہے کہ ایک بار پھر تربت کے بلدیہ ملازمین بلدیہ کے گیٹ کو تالا لگاکر چوک پر بیٹھنے پہ مجبور ہیں ہر ماہ یہ غریب ملازمین اپنی تنخواہ کے لیئے احتجاج کرتے ہیں ہربار انہیں تسلی دیا جاتا ہے اگلے مہینے تنخواہ ملے گی مجبور ہوکر کام پہ لگ جاتے ہیں، اب تو محلے کے دکانداروں نے انہیں ادھار دینا بند کردیاہے،وزراء صاحبان سے لیکر اعلیٰ عہدوں پہ فائز افسران سب کے دروازے کھٹکھٹاکے تھک گئے ہیں،مگر انکی شنوائی کوئی نہیں کرتا،5 ایم پی اے اور ایک ایم این اے دو سنیٹر والا ضلع کے غریب سے غریب تر ملازمین کی تنخواہ بند لاکھ ڈیڑھ لاکھ والے تنخواہ لے رہے ہیں۔