|

وقتِ اشاعت :   February 9 – 2022

کراچی: شہر قائد میں پانچ روز قبل لاپتہ ہونے والے 8 سالہ بچے رضوان کی تشدد زدہ لاش سائٹ سپرہائی وے سے برآمد ہوئی ہے۔

سائٹ سپرہائی وے فقیرا گوٹھ کے قریب جھاڑیوں سے8 سالہ بچے کی لاش ملی جسے تشدد کرنے کے بعد رسی کی مدد سے گلا گھونٹ کرقتل کیا گیا۔

لاش کی اطلاع ملنے پرپولیس موقع پرپہنچ گئی اورمقتول بچے کی لاش کو ایدھی ایمبولینس کے ذریعے عباسی شہید اسپتال منتقل کیا۔ اس حوالے سے ایس ایچ اوسائٹ سپرہائی وے رانا حسیب نے بتایا کہ مقتول بچے کی شناخت 8 سالہ رضوان کے نام سے ہوئی جو فقیرا گوٹھ کا رہائشی تھا اور گزشتہ پانچ روز سے لاپتہ تھا۔

ایس ایچ او نے بتایا کہ مقتول بچہ 4 فروری کو گھرسے کچھ فاصلے پرواقع فقیرا گوٹھ پریشان چوک کے قریب واقع اپنی نانی کے گھر کے لیے نکلا اور لاپتہ ہوگیا، اگلے روز5 فروری کوپولیس نے مقتول بچے کے والد کی مدعیت میں بچے کا لاپتہ ہونے کا مقدمہ درج کیا اور اُسے تلاش میں مکمل ناکام رہی۔

انھوں نے مزید کہا کہ بچے کو نامعلوم ملزمان نے بد ترین تشدد کا نشانہ بنانے کے بعد گلے میں رسی کا پھندا لگا کرقتل کیا ہے، واقعہ ذاتی دشمنی کا شاخسانہ معلوم ہوتا ہے۔ پولیس نے واقعے کی مختلف پہلوؤں سے تفتیش شروع کردی جبکہ ایس ایچ او نے کہا کہ پوسٹ مارٹم رپورٹ کی روشنی میں ہی مزید حقائق سامنے آئیں گے جس کے بعد تحقیقات درست سمت میں داخل ہوں گی۔