|

وقتِ اشاعت :   February 15 – 2022

تربت: آل پارٹیز کیچ کا اجلاس کنوینر خان محمد جان کی زیرصدارت منگل کو پی این پی عوامی کے آفس میں منعقد ہوا جس میں سیاسی جماعتوں کے رہنماؤں نے شرکت کی۔ اجلاس میں بلدیاتی الیکشن سے قبل کیے گئے حلقہ بندیوں کے بارے میں مشاورت کی گئی اور اپنے تحفظات پیش کیے گئے جنہیں ایک ڈرافٹ کی شکل میں بعد ازاں الیکشن کمیشن آفس تربت میں ضلعی الیکشن افسر کے حوالے کردیا گیا۔

اجلاس میں بارڈر ٹریڈ کے بارے میں بحث و مباحثہ کرکے کہا گیا کہ بارڈر پر چار کراسنگ پوائنٹ کھولے جائیں تاکہ گاڈیوں کی آمدورفت میں آسانی ہو اور جن گاڈیوں کی ابھی تک رجسٹریشن نہیں ہوئی ہے انہیں رجسٹر کیا جائے اس کے علاوہ ڈمی گاڈیوں کو رجسٹریشن لیسٹ سے نکال کر صاف شفاف لیسٹ ترتیب دی جائے تاکہ حقداروں کی حق تلفی نہ ہوسکے۔ اجلاس میں تربت یونیورسٹی کی انتظامیہ سے فوری طور پر یونیورسٹی میں ہسٹری ڈیپارٹمنٹ میں داخلوں کے اعلان کا مطالبہ کیا گیا

اور پبلک لائبریری تربت کی بندش پر افسوس کرتے ہوئے انتظامیہ سے مطالبہ کیا گیا لائبریری کو کھول کر طلبہ و طالبات کو پڑھنے اور تیاری کا موقع دیا جائے اس کیلیے آل پارٹیز کیچ کا وفد بہت جلد وائس چانسلر تربت یونیورسٹی سے ملاقات کے لیے جائے گی۔