|

وقتِ اشاعت :   February 16 – 2022

گوادر:  پی ایم ایس اے فرار ٹرالر کو پکڑنے کے بعد محکمہ فشریز حکومت بلوچستان کے حوالے کرے۔ فرار ٹرالر مقدمہ میں مطلوب ہے۔ پی ایم ایس اے مقدمہ میں مطلوب ٹرالر کو محکمہ فشریز حکومت بلوچستان کے حوالے کرنے کی بجائے فشریز حکومت سندھ کو حوالگی استدعا کررہی ہے جو تعجب خیز ہے۔ ان خیالات کا اظہار نیشنل پارٹی کے صوبائی مائیگیر سیکریٹری بلوچستان وحدت آدم قادربخش نے پریس کلب گوادر میں پریس کانفرنس سے خطاب کے دوران کیا۔

اس موقع پر نیشنل پارٹی کی مرکزی کمیٹی کی ممبر میڈم طاہرہ، میڈم عزیزہ انور، عبدالخالق اور بی ایس او پجار کے رہنماء محاذ بلوچ بھی موجود تھے۔ انہوں نے کہا کہ 5 فروری کو محکمہ فشریز اور پی ایم ایس اے کی جوائنٹ پٹرولنگ ٹیم نے کاروائی کرتے ہوئے چار فشنگ ٹرالرز کو غیرقانونی ٹرالرنگ کے الزام میں پکڑ لیا تھا جس کے بعد محکمہ فشریز کی مدعیت میں عملہ اور ٹرالرز کے خلاف مقدمہ کا اندراج کرکے چالان مجاز عدالت میں جمع کی گئی ہے لیکن 13 اور 14 فروری کی درمیانی شب پکڑے گئے چار ٹرالروں میں سے ایک شان مسلم نامی ٹرالر کو گوادر منی پورٹ سے بھگا دیا گیاہے۔ انہوں نے کہا کہ گوادر منی پورٹ سیکورٹی کے حوالے سے حساس ایریا مانا جاتا ہے جہاں شام چھ بجے کے بعد سیکورٹی خدشات کی بناء پر ماہی گیر لانچوں کا داخل ہونا اور نکلنا ممنوع قرار دیا گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ایک طرف فشریز ذرائع کا کہنا ہے کہ جو بھی ٹرالر تحویل میں لیا جاتا ہے تو حفاظتی تدابیر کے تحت ٹرالر میں نصب انجن میں نصب ایک مخصوص پرزہ نکال دیا جاتا ہے لیکن حیرت ہے کہ ٹرالر اس کے باوجود بھگا دیا گیا ہے گوادر منی پورٹ کی سیکورٹی کی ذمہ داری پی ایم ایس اے کے پاس ہے اور یہاں پر دیگر فورسز بھی تعنیات ہیں ٹرالر کے فرار کا واقع جن اوقات میں وقوع پذیر ہوا ہے یہ خود ایک سوالیہ نشان ہے۔ اور ایک ایسے ٹرالر کا فرار ہونا جو مقدمہ میں مطلوب ہے نے سیکورٹی لیپس کے خدشات کو جنم دیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ذرائع سیمعلوم ہوا ہے کہ عوامی رد عمل سے بچنے کے لئے پی ایم ایس اے نے فرار ٹرالر کو 14 فروری کو چرنا کے سمندری حدود میں دوبارہ پکڑ لیا ہے جس کے بعد پی ایم ایس اے نے ٹرالر کو محکمہ فشریز حکومت بلوچستان کے حوالے کرنے کی بجائے فشریز حکومت سندھ کو لیٹر لکھا ہے کہ وہ ٹرالر کو اینی تحویل میں لے لیکن ذرائع کا کہنا ہے کہ سندھ حکومت نے ٹرالر کو اپنی تحویل میں لینے سے معذرت کرتے ہوئے جواب دیا ہے کہ یہ ٹرالر محکمہ فشریز گوادر کی مدعیت میں درج مقدمہ میں مطلوب ہے اس بناء پر وہ ٹرالر کو اپنی تحویل میں نہیں لے سکتے۔ انہوں نے کہاکہ محکمہ فشریز بلوچستان کے افسران فرار ٹرالر کی حوالگی کے لئے کراچی میں موجود ہیں مگر پی ایم ایس اے فرار ٹرالر کی دوبارہ پکڑے جانے کے واقعہ سے لا علمی کا اظہار کررہی ہے۔ انہوں نے کہاکہ قانون کا تقاضا بھی یہی ہے کہ پی ایم ایس اے فرار ٹرالر کو محکمہ فشریز بلوچستان کے حوالے کرے فرار ٹرالر کی سندھ حکومت کو حوالے کرنا غیر قانونی ہے۔ انہوں نے کہا کہ نیشنل پارٹی ماہی کمیونٹی کی توسط سے مطالبہ کرتی ہے کہ گوادر سے فرار شان مسلم نامی ٹرالر کو بلاتاخیر محکمہ فشریز بلوچستان کے حوالے کرے اور ٹرالر کو بھگانے کے تمام ذمہ داروں کے خلاف انکوائری عمل میں لائی جائے بصورت دیگر نیشنل پارٹی سخت احتجاج کرے گی۔