|

وقتِ اشاعت :   March 1 – 2022

اوستہ محمد : بلوچستان نیشنل پارٹی (عوامی)کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات ڈاکٹر ناشناس لہڑی نے صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ اقتدار ہماری منزل نہیں عوام کی بے لوث خدمت ہمارا ویڑن ہے۔

ڈاکٹر عبد الحی کے انتقال سے بلوچستان ایک توانا آواز سے محروم ہوگیا اور بے لوث خدمت کا ایک باب بند ہوگیا بلوچستان کی ترقی و خوشحالی کے لئے حکومت بلوچستان تمام تر وسائل کو بروئے کار لا رہی ہے بی این پی عوامی بلوچستان کے پڑھے لکھے بے روزگار نوجوانوں کو روزگار کے مواقع فراہم کرنے کے لئے ہر فورم پر آواز بلند کریں گی۔

قومی حقوق کی جدوجہد سیہرگز دستبردار نہیں ہوں گے اس موقع پر بی این پی عوامی کے مرکزی کمیٹی کے رکن و جعفرآباد کے ضلعی صدر حاجی علی اکبر جتک محمد عالم جتک سمیت دیگر لوگ بھی موجود تھے۔

ڈاکٹر ناشناس لڑی نے کہا کہ بلوچستان نیشنل پارٹی عوامی نے ہمیشہ قومی حقوق کے اصول اور ساحل و وسائل پر اختیار حاصل کرنے کے لئے جمہوری انداز میں جدوجہد کی ہے انہوں نے کہا کہ بی این پی عوامی ایک سوچ اور فلسفے کا نام ہے پارٹی کی مثبت پالیسیوں کے نتیجے میں آج لوگ جوق در جوق پارٹی میں شمولیت اختیار کر رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پارٹی کے نظریاتی کارکنوں کی جدوجہد کی وجہ سے آج پارٹی بلوچستان میں سب سے بڑی قوم پرست سیاسی جماعت کے طور پر ابھر کر سامنے آئی ہے ڈاکٹر ناشناس لہڑی نے مزید کہا کہ بلوچستان کی عوام پارٹی قائد میر اسرار اللہ زہری صوبائی وزیر میر اسد بلوچ کی قیادت پر فخر محسوس کرتے ہیں۔