|

وقتِ اشاعت :   March 6 – 2022

نوشکی: بلوچستان نیشنل پارٹی کے سینٹرل ایگزیکٹو کمیٹی کے رکن میر خورشید جمالدینی نے سوئی سدرن گیس کمپنی کی جانب سے نوشکی کے صارفین کو زائد بل بھیجنے کی پرزور مذمت کرتے ہوئے کہاہے کہ گیس کمپنی غریب عوام اور بالخصوص بلوچستان جیسے پسماندہ صوبے کے عوام کے ساتھ ظلم و زیادتی و ناانصافیوں کی مرتکب ہوکر غریب صوبے کے عوام کے جیبوں پر ڈاکہ ڈال رہی ہے اس سے قبل سلو میٹر چارجز لگاکر نوشکی کے صارفین سے کروڑوں روپے بٹورے گئے اب دیگر اخراجات کے نام پر ایک مرتبہ پھر زیادہ بل بھیج کر عوام پر ڈاکہ ڈالا گیا ہے صوبے اور ضلع نوشکی کے ساتھ سوئی سدرن گیس کمپنی کا رویہ ازل سے درست نہیں ہے۔

غریب و دو وقت کے روٹی کے لئے محتاج صارفین کو صوبے کے اپنے وسائل انتہائی مہنگے داموں فروخت کرکے ظلم و زیادتی و ناانصافیوں کا نیا سلسلہ شروع کردیا گیا ہے جبکہ حکومت اور ریاست اداروں کے ناانصافیوں و ظلم و زیادتیوں کے خلاف تاحال کوئی اقدامات نہیں اٹھا رہی ہے اور عوام کو ان ایسٹ انڈیا کا کردار ادا کرنے والے کمپنیوں کے رحم و کرم پر چھوڑ دیا گیا ہے۔

بی این پی ایسے مظالم پر ہرگز خاموش نہیں بیٹھے گی اور عوام کے ساتھ مظالم کے خلاف عوام کے ساتھ ملکر نہ صرف مخالفت بلکہ احتجاج سے بھی گریز نہیں کرے گی،عوام کے حق پر شب خون مارنے والے ان ظالم و جابر کمپنیوں کے خلاف جب تک عوام اٹھ کھڑے نہیں ہوگی ان مظالم کا سلسلہ جاری و ساری رہے گا۔