تربت: گلزار دوست لانگ مارچ پروم کراس سے پنجگور شہر کی جانب روانہ، راستے میں عورتوں اور بچوں سمیت کثیر تعداد میں لوگوں کی شرکت اور پر تپاک استقبال۔
تربت سول سوسائٹی کے کنوینر کامریڈ گلزار دوست اتوار کی صبح پروم کراس سے پنجگور کی جانب لانگ مارچ کریں گے، گزشتہ شب انہوں نے پروم کراس میں قیام کیا جہاں پہ حق دو تحریک پنجگور کے سربراہ مولانا محمد اعظم اور دیگر سماجی کارکنان نے ان کے ساتھ رات گزاری۔ اتوار کی صبح جب وہ پنجگور کے لیے لانگ مارچ پر نکلے تو پنجگور سے لاپتہ ہونے والے نوجوانوں کے مائیں اور بچوں کے علاوہ قریبی علاقوں سے بڑی تعداد میں لوگوں نے ان کے ساتھ یکجہتی کے طور پر لانگ مارچ میں شرکت کی۔ یاد رہے کہ تربت سول سوسائٹی کے فیصلے پر کامریڈ گلزار دوست بلوچستان میں جبری گمشدگیاں ، لاپتہ افراد کی باحفاظت بازیابی، بلوچستان میں منشیات کا پھیلاؤ روکنے اور لینڈ ایکوزیشن ایکٹ 1894 کے زریعے بلوچوں کی زمینوں پر جبری قبضہ گیری کے خلاف تربت ٹو کوئٹہ پاکستان کی تاریخ کے دوسرے بڑے پیدل لانگ مارچ پر نکلے ہیں۔
کامریڈ گلزار دوست اپنے مطالبات کے حق میں تربت سے 27 فروری کو ننگے پیر لانگ مارچ کے لیے نکلے تھے لیکن بلوچ عورتوں اور سیاسی شخصیات کی منت پر انہوں نے پیادہ پا سفر کا فیصلہ واپس لے کر جوتے پہن کر سفر شروع کردی۔ پنجگور میں حق دو تحریک کے علاوہ پنجگور سول سوسائٹی نے ان کے شاندار استقبال کا اعلان کررکھا ہے جبکہ حق دو تحریک کے سربراہ مولانا ہدایت الرحمن بلوچ کی ہدایت پر تربت سے حق دو تحریک کے کارکنان نے آج سے لانگ مارچ کا کوئٹہ تک حصہ بننے کا اعلان کیا ہے اور یعقوب جوسکی کی سربراہی میں حق دو تحریک کا ایک قافلہ پنجگور روانہ ہوگیا ہے جہاں وہ کامریڈ گلزار دوست کو جوائن کریں گے۔