|

وقتِ اشاعت :   March 16 – 2022

ڈیرہ اللہ یار: ڈیرہ اللہ یار پولیس نے تخریبکاری کا بڑا منصوبہ ناکام بناتے ہوئے بھاری مقدار میں امریکن ساخت کا خودکار اسلحہ ایمونیشن اور ڈیٹونیٹر سمیت دیگر مواد برآمد کرکے تین ملزمان کو گرفتار کر لیا ہے ایس ایس پی جعفرآباد محمد جواد طارق نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے بتایا کہ جعفرآباد پولیس کو خفیہ انٹیلی جنس اطلاع ملی کہ ایک جگہ پر شرپسند عناصر تخریبکاری کا بہت بڑا منصوبہ بنا رہے ہیں اور بھاری مقدار میں اسلحہ اور دیگر مواد جمع کیے ہوئے ہیں جس پر اے ایس پی حسنین اقبال، ایس ایچ او پولیس تھانہ ڈیرہ اللہ یار عبدالروف جمالی اور سی آئی اے کے طارق بہرانی پر مشتمل اسپیشل ٹیم تشکیل دی گئی۔

ٹیم نے بھاری نفری کے ہمراہ تھانہ میر حسن کے علاقے دولت گھاڑی میں مطلوب ملزم ضیاد کھوسہ کے گھر پر علی الصبح چھاپہ مارا اور دوران تلاشی زیر زمین چھپایا گیا امریکن ساخت کا اسلحہ ایمونیشن اور ڈیٹونیٹر سمیت دیگر مواد برآمد کرکے تین ملزمان کو گرفتار کر لیا ایس ایس پی کے مطابق برآمد شدہ اسلحہ میں 9 عدد امریکن ساخت کی مشین گنز، 13500 راونڈ گولیاں، 120 میگزین، 60 عدد واکی ٹاکی، 30 عدد بنڈولیئر، 8 عدد ڈیٹونیٹر، 13 عدد اسکوپ، 4 عدد لیمپ، 8 عدد کٹ بیگز، 01 عدز چین لیدر پْل اور ایک عدد لنکرز شامل ہیں جبکہ گرفتار ملزمان میں گل ولد عیسیٰ لاشاری ساکن مراد کالونی ڈیرہ اللہ یار، وحید مراد ولد علی دوست کھوسہ اور عبدالغفور ولد امید علی ہانبھی شامل ہیں

جن سے تفتیش کا سلسلہ جاری ہے ابتدائی تفتیش میں ملزمان نے جعفرآباد میں تخریبکاری کے بڑے منصوبے کا اعتراف کر لیا ہے ایس ایس پی محمد جواد طارق نے بتایا کہ ملک دشمن عناصروں کی سرکوبی کے لیے انٹیلی جنس آپریشن کا سلسلہ جاری ہے مزید اہم کارروائیاں بھی متوقع ہیں جعفرآباد اور صوبے کا امن خراب کرنے والے عناصروں کو کسی قسم کی رعایت نہیں دینگے۔