خاران: اسسٹنٹ کمشنر خاران امتیاز محفوظ بلوچ کے زیر صدارت یوریا کھاد کے متعلق اجلاس منعقد ہوا۔اجلاس میں زراعت آفیسر تاج محمد، زمیندار ایکشن کمیٹی کے نمائندے ملک منظور آحمد نوشیروانی، ڈاکٹر مبارک علی بادینی، یوریا کھاد ڈیلر چندر کمار سمیت کئی زمیندار اور یوریا کھاد ڈیلر موجود تھے۔اجلاس میں یوریا کھاد کی قلت کے خاتمے کے لیے تفصیلی تبادلہ خیال ہوا۔
اسسٹنٹ کمشنر خاران امتیاز محفوظ بلوچ نے اجلاس کے شرکا سے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ خاران میں یوریا کھاد کی قلت کے کسی بھی صورت برداشت نہیں کریں گے جس سے زمینداروں کا معاشی نقصان ہو۔
انہوں نے مزید کہا کہ یوریا کھاد ڈیلران کی راہداری اور ضلع کے کوٹے پر آنے والے یوریا کھاد کی مقدار پر کڑی نگرانی رکھ رہے ہیں اور ضلع خاران کے کوٹے کے یوریا کھاد کو باہر سمگلنگ یا خاران کے راستے سے کسی دوسرے اضلاع کے لیے غیر قانونی طور پر یوریا کھاد کے جانے کی کسی کو بھی اجازت نہیں دیں گے۔
اسسٹنٹ کمشنر خاران نے مزید کہا کہ زمینداروں کے مسائل کو ترجیحی بنیاد پر حل کرنے کے لیے ڈپٹی کمشنر خاران ڈاکٹر خدارحیم میروانی کی خصوصی ہدایت پر ہرممکن اقدامات کررہے ہیں اور خاران میں یوریا کھاد کی مصنوعی قلت کے خاتمے تک چین سے نہیں بیٹھیں گے۔